"امبانی کونے میں بیٹھ کر رو رہے ہوں گے۔"
"اگر واقعی مقابلہ کرنا ہے تو جسٹن بیبر کو بھی بلا لو۔"
"امبانی بننے کے لیے پہلے ان جیسی تعلیم تو حاصل کرو!"
“رادھیکا کے دوپٹے کے پھول کیلیفورنیا سے آئے تھے، مزار کی چادر اوڑھنے والی خاتون“
“مزار کی چادر اوڑھ کر رادھیکا بننے کے خواب“
سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹک ٹاکر اور یوٹیوبر رابعہ خان کی شادی نے دھوم مچا دی ہے، لیکن جہاں ان کے مایوں سے لے کر نکاح تک کی ہر تقریب پر لگژری اور اسٹائل کا غلبہ نظر آ رہا ہے، وہیں ان کے شادی کے ملبوسات اور سیٹ اپ کو بھارتی ارب پتی امبانی خاندان کی شادیوں سے موازنہ بھی کیا جا رہا ہے اور انٹرنیٹ اس موازنے پر بے رحم انداز میں ردعمل دے رہا ہے۔
رابعہ خان، جو یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر لاکھوں مداح رکھتی ہیں، نے حال ہی میں ساتھی یوٹیوبر حسین ترین کے ساتھ نکاح کر لیا ہے۔ ان کی شادی کی تقریبات شاندار انداز میں جاری ہیں، جنہیں سوشل میڈیا پر "پاکستان کی سب سے بڑی انفلوئنسر ویڈنگ" قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک شو میں ان کے قریبی دوست ایم جے احسن اور مدیحہ نے جب ان سے پوچھا کہ ان کی شادی کو انڈیا اور پاکستان کی سب سے بڑی سوشل میڈیا ویڈنگ کیوں کہا جا رہا ہے، اور کیا یہ واقعی امبانی جیسی لگژری شادی ہے؟ تو رابعہ نے خوش دلی سے سوال کا جواب دیا۔ اسی دوران ان کے مایوں کے لباس پر بھی گفتگو ہوئی، جو کہ بھارتی ارب پتی مکیش امبانی کی بہو رادھیکا مرچنٹ کے ملبوسات سے مشابہت رکھتا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ان کے والد، مشہور کامیڈین کاشف خان سے پوچھا گیا کہ کیا رابعہ کی شادی امبانی خاندان سے بھی بڑی ہوگی؟ تو انہوں نے مسکرا کر جواب دیا، "ابھی تو یہ شروعات ہے!"
تاہم، انٹرنیٹ صارفین نے اس بات کو ہلکے میں نہیں لیا اور سوشل میڈیا پر طرح طرح کے طنز و مزاح سے بھرے تبصرے شروع کر دیے۔ کچھ نے تو اسے "اوور دی ٹاپ" شادی قرار دیا اور کچھ نے اس پر طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر واقعی امبانی بننے کا شوق ہے تو پہلے ان جیسا تعلیمی معیار بھی حاصل کرو۔
رابعہ خان کی شادی بلاشبہ ایک بڑے سوشل میڈیا ایونٹ میں تبدیل ہو چکی ہے، لیکن امبانی خاندان کے ساتھ اس کا موازنہ شاید سوشل میڈیا صارفین کو کچھ زیادہ ہی غیر مناسب لگا ہے—اور وہ اس پر کھل کر اپنے تبصرے بھی کر رہے ہیں۔