امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز پر پروازوں کی مسلسل غیرقانوی تاخیر اور سفر میں خلل پیدا کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن کی جانب سے شمالی کیلیفورنیا کی ضلعی عدالت میں دائر مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ٹیکساس کی ایئرلائن غیرحقیقی شیڈیول کے تحت آپریٹ کرتی رہی ہے لہٰذا زیادہ سے زیادہ جرمانہ ادا کرے۔ایئرلائن کے خلاف دائر مقدمے میں محکمہ انصاف بھی فریق بن گیا ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے کہا ہے کہ سال 2022 میں پانچ ماہ تک ساؤتھ ویسٹ کی دو روٹس پر چلنے والی پروازیں، شکاگو سے اوکلینڈ اور کیلی فورنیا جبکہ بالٹیمور سے کلیو لینڈ، مسلسل تاخیر کا شکار ہوئیں۔محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے سیکریٹری پیٹ بٹیگیگ نے کہا کہ ’آج کا اقدام تمام ایئرلائنز کے لیے پیغام ہے کہ مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ، عدالت جانے کو تیار ہے۔‘متعدد پروازوں کی مسلسل تاخیر پر محکمہ ٹرانسپورٹیشن، فرنٹیئر ایئر لائنز پر بھی 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کرنے جا رہا ہے۔فرنٹیئر ایئرلائنز کو تین لاکھ 24 ہزار کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا اور آئندہ تین سالوں میں کسی بھی پرواز کے مسلسل تاخیر کا شکار ہونے پر باقی کی رقم بھی ادا کرنا پڑے گی۔ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے اقدام پر مایوسی ہوئی کہ انہوں نے ’دو سال سے بھی زیادہ عرصہ پہلے کی دو پروازوں‘ سے متعلق مقدمہ دائر کیا ہے۔
حکومت کے مطابق ساؤتھ ویسٹ نے 2022 میں دو روٹس پر چلنے والی پروازوں میں پانچ ماہ تک مسلسل تاخیر کی۔ فوٹو: اے ایف پی
ایئرلائن نے کہا کہ سال 2009 سے بغیر کسی دیگر خلاف ورزیوں کے 2 کروڑ سے زیادہ پروازیں آپریٹ کی ہیں۔
’گزشتہ 15 سال کی پرفارمنس سے مقابلہ کیا جائے تو دو پروازوں کے متعلق غیرحقیقی شیڈیول کے دعوے قابل یقین نہیں ہیں۔ سال 2024 میں ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز نے 99 فیصد سے زیادہ پروازیں بغیر منسوخی کے آپریٹ کر کہ انڈسٹری میں پیش پیش رہی۔‘محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے قواعد کے تحت کوئی بھی فلائٹ ’کورینکلی‘ یعنی مسلسل تاخیر کے زمرے میں تب آتی ہے کہ اگر مہینے میں کم از کم دس مرتبہ پرواز بھرے تو کم از کم 50 فیصد پروازیں 30 سے زیادہ منٹ کی تاخیر کا شکار ہوں۔تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت میں نئی انتظامیہ اس مقدمے کی پیروی کرنا چاہے گی۔دسمبر 2023 میں پرواز کے تین گھنٹے کی تاخیر سے منزل پر پہنچنے پر ساؤتھ ویسٹ نے مسافروں کو 90 ملین ڈالر کے واؤچرز ادا کرنے کی حامی بھری تھی۔رواں ماہ محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے جیٹ بلیو ایئرویز پر 20 لاکھ ڈالر کا جرمانہ ادا کیا ہے جو پرواز کی تاخیر پر عائد ہونے والا پہلا جرمانہ ہے۔جیٹ بلیو نے دس لاکھ ڈالر جرمانے کی مد میں ادا کرنے کی حامی بھری ہے جبکہ باقی رقم متاثرہ مسافروں کو ادا کی جائے گی۔