سیف علی خان حملہ کیس، ممبئی پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا

image

بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر ہونے والے حملے کے ایک دن بعد پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعے کی صبح موصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر کے باندرا پولیس سٹیشن لا رہی ہے۔

ابھی تک گرفتار ہونے والے مشتبہ شخص کے بارے میں معلومات فراہم نہیں ہوئیں جبکہ ابھی تک اس بات کی بھی تصدیق نہیں ہو سکی کہ گرفتار ہونے والا شخص حملہ آور ہی ہے  یا کوئی اور ہے۔

دوسری جانب سیف علی خان پر ڈکیتی کی واردات کے دوران ہونے والے حملے نے فلم نگری کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

سیف علی خان اپنے گھر میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات کے دوران حملے سے شدید زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر  واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کی جانب سے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے 20 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق چور گھر میں زبردستی نہیں گھسا اور نہ ہی سی سی ٹی وی پر حملے سے دو گھنٹے قبل کی کوئی فوٹیج ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چور سیف علی خان کے گھر میں ساتھ والے گھر کی دیوار پھلانگ کر داخل ہوا جبکہ اس کے پاس بلڈنگ کے راستوں کی تمام معلومات موجود تھیں۔

چور کو پہلی مرتبہ سیف علی خان کے چھوٹے بیٹے جہانگیر کے کمرے میں دیکھا گیا۔

جہانگیر کی حفاظت پر مامور ملازمہ الیاما فلپ نے بتایا کہ انہوں نے ڈاکو کو رات دو بجے کے قریب دیکھا اور پھر اُن کا ڈاکو سے آمنا سامنا ہوا۔

الیاما فلپ کہتی ہیں کہ ’میں نے پہلے باتھ روم کا دروازہ تھوڑا سا کھلا ہوا دیکھا۔ باتھ روم کی لائٹ آن تھی تو مجھے لگا کہ شاید کرینہ کپور باتھ روم میں ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’مگر مجھے فوری طور پر ایسا لگا جیسے کوئی گڑبڑ ہے اور میں جب باتھ روم میں دیکھنے گئی تو اتنے میں ایک آدمی وہاں سے باہر آیا اور تیمور اور جہانگیر کے کمرے میں گھس گیا۔‘

ملازمہ نے مزید انکشاف کیا کہ چور سے آمنا سامنا ہونے پر انہیں چوٹ لگی اور ڈاکو نے ایک کروڑ روپے مانگے۔ 

 

پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکو کو چھٹی منزل پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں دیکھا گیا۔ (فوٹو: انڈین میڈیا)

اس دوران جُونُو نامی ایک اور ملازمہ بھاگ کر سیف علی خان کو اٹھانے کے لیے اُن کے کمرے میں گئیں۔

اس کے بعد سیف علی خان اور چور کا آپس میں مقابلہ ہوا۔ سیف علی خان کو چھ مرتبہ چاقو کے وار لگے۔

اس دوران گیتا نامی ملازمہ نے سیف علی خان کا ساتھ دیتے ہوئے ڈاکو کا مقابلہ کیا اور اسے کمرے میں بند کر دیا۔

اس کے بعد تمام لوگ گھر کے اوپر والے فلور پر چلے گئے تاہم چور کسی طرح کمرے سے نکل کر بھاگ گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق چور کو چھٹی منزل پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں دیکھا گیا جہاں وہ گھر سے باہر نکل رہا ہے تاہم اس کے بعد وہ کسی بھی سی سی ٹی وی میں دکھائی نہ دیا۔

خیال رہے کہ سیف علی خان ہسپتال میں داخل ہیں جہاں سرجری کے بعد اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.