ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیزیز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کر لی۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 251 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 123 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے تمام 20 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں، دوسری اننگز میں ساجد خان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 4 وکٹیں ابرار احمد کے حصے میں آئیں اور ایک وکٹ نعمان علی نے حاصل کی۔
دوسری اننگز میں ویسٹ انڈین بیٹر ایلک اتھانزی پاکستانی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کر سکے اور انہوں نے 55 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے علاوہ کوئی بیٹر پاکستانی بولرز کے سامنے نہ کھڑا ہو سکا۔
پاکستانی اننگز
قبل ازیں پاکستان نے ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی دوسری نا مکمل اننگز کا آغاز 109 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن کھیل کی پہلی ہی گیند پر پہلی اننگز کے نمایاں اسکورر سعود شکیل اپنے انفرادی اسکور میں بغیر کسی اضافے کے 2 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔
نئے آنے والے کھلاڑی محمد رضوان بھی دو رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، کامران غلام 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نعمان علی 9 اور ساجد خان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویریکن نے 7 جبکہ گوداکیش موٹی نے ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 230 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔