بالی وُڈ اداکار سیف علی خان کے گھر ڈکیتی کی کوشش میں گھسنے والے ملزم کی شناخت شرف السلام شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔مزید پڑھیںاین ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سیف علی خان کے گھر ڈکیتی کے بعد واپس اپنے آبائی ملک جانے کا ارادہ رکھتا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے سیف علی خان پر حملے سے قبل منصوبہ بنایا تھا کہ وہ پہلے کولکتہ کے قریب ہاوڑہ جائے گا اور پھر وہاں سے بنگلہ دیش فرار ہو جائے گا۔جب ملزم کو علم ہوا کہ پولیس اس کی تلاش میں ہے تو اس نے ہاوڑہ کے لیے ٹرین کا ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن ٹریول ایجنٹس نے ارجنٹ ٹکٹ کے لیے زیادہ رقم طلب کی تاہم، ٹکٹ حاصل کرنے سے قبل ہی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس اب ان تمام ٹریول ایجنٹس کا سراغ لگا رہی ہے جن سے شرف الاسلام نے ٹکٹ کے حصول کے لیے رابطہ قائم کیا تھا تاکہ اس ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات میں انہیں بھی شامل کیا جائے گا۔سیف علی خان کو اس حملے میں چھ زخم آئے تھے۔ طبی امداد کے بعد اداکار سیف علی خان کو گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہیں ڈاکٹروں کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مہمانوں سے ملنے سے اجتناب کریں۔
سیف علی خان کی عمر 54 برس ہے (فوٹو: سکرین گریب، یوٹیوب)
پولیس کو تحقیقات کے دوران سیف علی خان کے بیٹے جہانگیر کے کمرے سے ملزم کا ماسک بھی ملا ہے۔
اس رات آخر کیا ہوا تھا؟رپورٹ کے مطابق سیف علی خان اور کرینہ کپور کے بیٹے کی دیکھ بھال کرنے والی آیا نے سب سے پہلے اس ڈاکو کو دیکھا۔وہ بتاتی ہیں کہ ’میں رات دو بجے کے قریب اچانک سے جاگی تو دیکھا کہ جہانگیر کے کمرے سے کوئی شخص باہر آ رہا ہے، میں یہ دیکھ کر ڈر کہ اٹھ گئی اور اسے دیکھنے کے لیے اس کے قریب گئی، قریب جانے پر معلوم پڑا وہ کوئی اجنبی شخص تھا جس نے منہ پر کپڑا لپیٹا ہوا تھا اور ہاتھ میں ایک چاقو اور چھڑی اٹھا رکھی تھی۔‘وہ مزید بتاتی ہیں کہ ’جب اس نے مجھے دیکھا تو منہ پر انگلی رکھ کر اس نے چپ رہنے کا اشارہ کیا، میں اس کے قریب گئی کہ کہیں وہ بچوں کو کوئی نقصان نہ پہنچا دے۔ میں نے اسے پوچھا کہ تم کیا چاہتے ہو؟‘’تو اس نے ہندی میں جواب دیا ایک کروڑ روپے۔ جب وہ ایک کمرے سے نکل کر دوسرے کمرے میں گیا تو میں نے اسے روکنا چاہا جس کے بعد ڈاکو نے مجھے زخمی کر دیا۔‘’اس ہلچل سے سیف علی خان اور کرینہ کپور بھی جاگ کر اپنے کمرے سے باہر آ گئے، ہم سب اس کے بعد دوسرے فلور پر چلے گئے۔ سیف علی خان کی جانب سے ڈاکو کو پیشکش کی گئی کہ وہ جو چاہتا ہے اسے مل جائے گا، لیکن ڈاکو نے سیف پر چاقو سے حملہ کر دیا۔‘آیا کے مطابق سیف علی خان جیسے تیسے کر کے ڈاکو کو کمرے میں بند کرنے میں کامیاب ہو گئے تاہم بعد میں وہ کسی طرح سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔