آئی فون 17 سیریز میں ایک اہم سوال یہ ہے کہ آیا اس کی ڈائنامک آئی لینڈ میں کوئی بڑا بدلاؤ آئے گا یا نہیں؟ اس حوالے سے تجزیہ نگاروں نے ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے۔ معروف ویب سائٹ گیجٹس 360 نے اپنے ذرائع سے بتایا کہ ایپل کی اگلی جنریشن کے فونز میں اس اہم فیچر میں کوئی نمایاں تبدیلی متوقع نہیں۔
رپورٹ کے مطابق، ایپل کی طرف سے آئی فون 17 سیریز کی لانچنگ کا امکان رواں سال ستمبر میں ہے، لیکن اگر آپ ڈائنامک آئی لینڈ کے نئے یا چھوٹے ورژن کا انتظار کر رہے ہیں تو آپ کو ایک اور سال انتظار کرنا پڑے گا۔
آئی فون مارکیٹ کے تجزیہ کار منگ چی کو کا کہنا ہے کہ آئی فون 17 کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔ قبل ازیں کچھ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ایپل ڈائنامک آئی لینڈ کا سائز کم کر سکتا ہے، مگر منگ چی کو کے مطابق، یہ فیچر اپنے موجودہ شکل میں برقرار رہے گا۔
فی الحال، ڈائنامک آئی لینڈ میں سیلفی کیمرہ اور فیس آئی ڈی جیسے اہم سینسرز موجود ہیں، جن کا کام ڈسپلے کے اوپر سے ہوتا ہے۔ تاہم، کمپنی اس بات پر کام کر رہی ہے کہ یہ سینسرز مکمل طور پر ڈسپلے کے نیچے منتقل کیے جائیں، جس سے مزید اسکرین کی جگہ مل سکے۔
ڈائنامک آئی لینڈ کو پہلی بار آئی فون 14 پرو سیریز کے ساتھ متعارف کرایا گیا تھا، اور اس نے روایتی نوچ (Notch) کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا تھا۔ اس فیچر کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ یہ صرف ایک ڈسپلے ایریا نہیں بلکہ فون کی مختلف فعالیتوں کے لیے ایک انٹرایکٹو جگہ بھی فراہم کرتا ہے، جس کی بدولت اسے بہت زیادہ سراہا گیا۔
آئی فون 17 سیریز میں اس کے علاوہ کچھ دیگر دلچسپ تبدیلیاں متوقع ہیں، جن میں ایک نیا آئی فون 17 ایئر ماڈل بھی شامل ہو سکتا ہے جو موجودہ آئی فونز سے پتلا ہوگا اور 120 ہرٹز سپر ریٹینا ایکس ڈی آر ڈسپلے کے ساتھ آئے گا۔ یہ تمام افواہیں اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ ایپل اپنے صارفین کو ایک اور شاندار تجربہ دینے کے لیے تیار ہے، لیکن ڈائنامک آئی لینڈ میں ابھی تک کوئی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں۔