نیشنل گیمز اختتام پذیر، خیبر پختونخوا نے 69 میڈلز جیت لیے

image

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں منعقدہ 35 ویں نیشنل گیمز اختتام پذیر ہوگئے۔ خیبر پختونخوا نے مجموعی طور پر 5 گولڈ، 18 سلور اور 46 براؤنز کے ساتھ 69 میڈلز حاصل کیے۔

مجموعی میڈلز کی بنیاد پر خیبر پختونخوا مقابلوں میں آٹھویں جبکہ صوبوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

مقابلوں کے تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے کراٹے میں ایک گولڈ اور 5 براؤنز میڈلز اپنے نام کیے، جوڈو میں ایک طلائی، دو چاندی اور 5کانسی کے تمغے حاصل کیے گئے۔ باڈی بلڈنگ میں ایک گولڈ، ایک سلور اور دو برانز میڈلز جیتے گئے، سیلنگ میں ایک گولڈ، دو سلور اور چار براؤنز میڈل حاصل کیے۔

اسی طرح ٹیبل ٹینس میں ایک گولڈ اور 2 براؤنز میڈل خیبر پختونخوا کے حصے میں آئے، تائیکوانڈو کے مقابلوں میں صوبے نے پانچ سلور اور 9 براؤنز میڈلز جیتے، فینسنگ میں دو سلور اور دو براؤنز میڈلز حاصل کیے، اسکواش میں دو سلور اور ایک براؤنز میڈل، ووشو میں ایک سلور اور دو براؤنز میڈلز جیتنے میں کامیاب ہوا۔

باکسنگ کے مقابلوں میں بھی خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے ایک سلور اور دو براؤنز میڈلز حاصل کیے، ٹینس میں چار براؤنز اور بیڈمنٹن میں 2براؤنز میڈلز جیتے گئے۔ اس کے علاوہ ہینڈ بال، بیس بال، ویٹ لفٹنگ، کبڈی، ریسلنگ اور ایتھلیٹکس میں ایک ایک براؤنز میڈل حاصل کیا گیا۔

نیشنل گیمز کے اختتام پر مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند اور ڈی جی اسپورٹس خیبر پختونخوا تاشفین حیدر نے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی کارکردگی قابل تحسین ہے اور گزشتہ نیشنل گیمز کے مقابلے میں اس بار صوبے نے زیادہ میڈلز حاصل کیے ہیں جو ایک نمایاں پیش رفت اور صوبے میں کھیلوں کی بڑھتی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل گیمز کے نتائج کو بنیاد بنا کر کامیابیوں سے سیکھنے اور خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے ان کا کہنا تھا کہ مزید محنت، لگن اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے خیبر پختونخوا کے کھلاڑی آئندہ نیشنل گیمز میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

واضح رہے کہ 2023 میں کوئٹہ میں منعقدہ 34 ویں نیشنل گیمز میں خیبر پختونخوا نے مجموعی طور پر 49 میڈلز حاصل کیے تھے، جن میں چار گولڈ، چھ سلور اور 39 براؤنز میڈلز شامل تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US