ماڈل، اداکارہ و ٹی وی میزبان وینا ملک نے واضح کیا ہے کہ ان کے شہریار چوہدری نامی شخص سے اچھے تعلقات ہیں لیکن تاحال انہوں نے ان سے شادی کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
وینا ملک نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے وینا ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں تاحال شادی کے لیے متعدد پیش کشیں آتی ہیں جب کہ ان کے والدین کے پاس بھی ان کے رشتے آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ شادی کے پیغامات کو نظر انداز کردیتی ہیں، کیوں کہ جب انہیں شادی کرنی ہی نہیں تو ایسے پیغامات پر وہ کیا رد عمل دیں؟
ایک سوال کے جواب میں وینا ملک نے بتایا کہ وہ سیدھی سادی حسن پرست عورت ہیں، انہیں شادی کے لیے دراز قد، خوبصورت اور مکمل چیزوں والا مرد ہی چاہیے۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہیں سانولی رنگت پسند نہیں جب کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کا ہونے والا شوہر ان سے قد میں لمبا ہو، کیوں کہ وہ خود پانچ فٹ پانچ انچ کے چھوٹے قد والی ہیں۔
وینا ملک کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں صاف ہیں کہ جو شخص بدصورت ہے تو وہ بدصورت ہی ہے، وہ حسن پرست اور خوبصورتی کی قائل ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے شہریار چوہدری نامی شخص سے تعلقات اور دوستی پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ شہریار چوہدری کو پہلے سے ہی جانتی تھیں، انہیں معلوم تھا کہ ان کا تعلق اسلام آباد سے ہے لیکن وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں مقیم ہیں، تاہم اس باوجود ان کا رابطہ انسٹاگرام کے ذریعے ہوا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شہریار چوہدری نے ماسٹر کی ڈگری لے رکھی ہے اور وہ خوبصورت شخص ہے، ان کے درمیان اچھے تعلقات اور دوستی ہے لیکن تاحال شادی کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
وینا ملک نے واضح کیا کہ وہ ہمیشہ شادی اور تعلقات کے معاملے میں کنفیوژڈ رہتی ہیں، اگر آج وہ شہریار سے شادی کی بات کریں اور بعد میں وہ خود ہی مکر جائیں تو میڈیا ان کے پیچھے پڑ جائے گا۔
اداکارہ کے مطابق ان کے اور شہریار چوہدری کے درمیان اچھے تعلقات اور دوستی ہے، اگر ان کی شادی ہوئی تو سب کو معلوم ہوجائے گا لیکن تاحال انہوں نے شادی کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
خیال رہے کہ وینا ملک ماضی میں شہریار چوہدری کے حوالے سے مبہم انداز میں بات کرتی آئی ہیں لیکن اب انہوں نے پہلی بار ان پر کھل کر بات کی۔
ماضی میں وہ بتا چکی ہیں کہ شہریار چوہدری حافظ قرآن ہیں جب کہ وہ سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے خود کو شہریار کی بندی بھی قرار دے چکی ہیں۔