معروف اداکار پراسرار بیماری کا شکار، مداحوں سے دعا کی اپیل

image

فلم ساز ندیم چیمہ نے مداحوں ماضی کے مقبول اداکار شفقت چیمہ کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اداکار انتہائی علیل ہیں۔

حال ہی میں ریلیز ہونے والی معمر رانا کی فلم ’باپ‘ کی ہدایت کاری کرنے والے ندیم چیمہ نے یوٹیوب چینل سے بات کرتے ہوئے شفقت چیمہ کی علالت سے متعلق وضاحت کی۔

انہوں نے بتایا کہ شفقت چیمہ گزشتہ ڈیڑھ، دو سال سے علیل ہیں، 6 ماہ تک ہسپتال میں رہنے کے بعد حال ہی میں وہ گھر منتقل ہوئے ہیں۔

ہدایت کار کا کہنا تھا کہ شفقت چیمہ کی صحت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے، ڈاکٹرز گھر پر ہی ان کا علاج کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق شفقت چیمہ کو ’نیورو‘ کے مسائل ہیں، ان کی یادداشت چلی جاتی ہے، بعض اوقات لوگوں اور چیزوں کو بھی نہیں پہچان پاتے۔

ندیم چیمہ کے مطابق ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ شفقت چیمہ مذکورہ علاج اور ادویات سے ہی بہتر ہو سکتے ہیں، ان کے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علاج کے باوجود شفقت چیمہ کی صحت میں بہتری نہیں آ رہی، دن بہ دن ان کی طبیعت خراب ہوتی جا رہی ہے، مداح ان کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ شفقت چیمہ کے علاج کے لیے حکومت کے کسی تعاون کی ضرورت نہیں۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2024 میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ شفقت چیمہ کو فالج ہونے کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تاہم بعد ازاں اداکار کے اہل خانہ نے واضح کیا تھا کہ اداکار کو فالج نہیں ہوا۔

اداکار کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ شفقت چیمہ کو شدید نمونیہ بخار ہوگیا تھا، اب ان کی صحت بہتر ہے، تاہم اب فلم ساز ندیم چیمہ نے بتایا ہے کہ اداکار کو نیورو مسائل ہیں، ان کی صحت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے۔

اگرچہ ندیم چیمہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ شفقت چیمہ میں کس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر اداکار’الزائمر یا ڈیمینشیا’ کا شکار ہیں، جس میں یادداشت شدید متاثر ہوتی ہے۔

شفقت چیمہ کی عمر 62 سال سے زائد ہے اور وہ 500 سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

مدرسے سے تعلیم یافتہ شفقت چیمہ حافظ قرآن بھی ہیں جب کہ ان کے والد بھی دینی عالم تھے۔

انہوں نے پنجابی فلموں میں ولن کے کرداروں سے اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے زیادہ تر پنجابی فلموں میں ہی غنڈے کے کردار ادا کیے، تاہم بعد ازاں اردو میں بننے والی فلموں میں بھی وہ ولن کے طور پر نظر آئے۔

جدید پاکستانی فلموں میں شفقت چیمہ کو انتہائی کم دیکھا گیا، اگر انہیں کسی نئی فلم میں کاسٹ بھی کیا گیا تو انہیں مختصر کردار کے لیے کاسٹ کیا گیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.