چین کے صوبہ ہنان میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جس نے سب کو دنگ کر دیا۔ 4 فروری کو ایک 40 سالہ شخص ملازمت پر جانے کے لیے ریلوے اسٹیشن پر کھڑا تھا، جب اچانک اس کو دل کا دورہ پڑا اور وہ زمین پر گر پڑا۔ مگر اس کی ضد دیکھ کر سب کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔
چینی میڈیا کے مطابق، جب اس شخص کو دل کا دورہ پڑا، فوری طور پر وہاں موجود لوگوں اور ایک ڈاکٹر نے اس کی مدد کی۔ 20 منٹ بعد جب وہ ہوش میں آیا، تو سب سے پہلا سوال اس نے یہ کیا: "مجھے جلدی کام پر پہنچنا ہے، اسپتال جانے کی ضرورت نہیں ہے۔" اس شخص کا ردعمل اتنا غیر متوقع تھا کہ اس نے موقع پر موجود ڈاکٹر کی تجویز کے باوجود اسپتال جانے سے انکار کیا۔
ڈاکٹر نے اسے سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ پہلے اسپتال جائے کیونکہ اس کے جسم پر چوٹیں آئی ہیں، مگر وہ شخص اپنی ضد پر قائم رہا۔ آخرکار، تھوڑی بحث کے بعد وہ اسپتال جانے کے لیے راضی ہوگیا۔
اس واقعے نے نہ صرف چین بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچادی۔ لوگ اس شخص کے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں، اور کچھ نے اس پر افسوس بھی کیا۔ ایک صارف نے کہا کہ "اس شخص نے اٹھتے ہی پیسہ کمانے کے بارے میں سوچا۔" دوسرے صارف نے لکھا کہ "یہ شخص اکیلا نہیں ہے، ہم سب میں سے اکثر لوگ گھر کے کرائے سے لے کر بچوں کی تعلیم تک کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔"
یہ واقعہ دراصل اس معاشرتی حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ جب تک انسان کا دماغ کام کرنے کی حالت میں ہوتا ہے، وہ اپنے مالی مسائل کو حل کرنے کی کوشش میں لگ رہتا ہے، چاہے اس کی صحت پر اس کا برا اثر پڑے۔