کینیڈا میں ڈیلٹا ایئرلائن کا مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار ہوکر الٹ گیا جس سے کم از کم 18 مسافر زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا سے پرواز بھرنے والے طیارے کو حادثہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ پر پیش آیا۔
حادثے کے وقت جہاز میں 80 مسافر سوار تھے جنہیں واقعے کے فوراً بعد جہاز سے ریسکیو کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں مسافروں کو الٹنے والے جہاز سے نکلتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ریسکیو اہلکار تباہ شدہ جہاز پر فائر بریگیڈ سے پانی پھینک رہے ہیں۔
حادثے کے بعد ایئرپورٹ کے 2 رن ویز کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز الٹنے کا واقعہ خراب موسم اور رن وے پر برفباری کی وجہ سے پیش آیا۔