پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ قرضوں میں ڈوبی قومی ترقی نہیں کر سکتیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ اور فلاحی منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں۔ بینک آف خیبر ہمارے اپنے صوبے کا ہے جس کے ساتھ مختلف پروگرام چلا رہے ہیں۔ اور لوگوں کو اس بینک پر اعتماد بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزگار پروگرام اور احساس پروگرام کو چلایا جا رہا ہے۔ جبکہ حکومت انشورنس کمپنی بھی بنا رہی ہے۔ اور بہت سارے منصوبے صوبے کو خودمختار بنانے کے لیے لائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور بی آر ٹی سروس کو دیگر علاقوں تک توسیع دینے کا فیصلہ
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبہ خودمختار ہو گا تو لوگ یہاں پر سرمایہ کاری کریں گے۔ ہم نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے حوالے سے اپنا ہدف پورا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بہت لوگ بیرون ملک مقیم ہیں۔ اور سرمایہ کار خیبرپختونخوا میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ کسی بھی ملک کا معاشی استحکام سیاسی استحکام سے مشروط ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ قرضوں میں ڈوبی قومیں ترقی نہیں کرسکتیں۔ ہمیں معاشی طور پر آزاد اور خود مختار ہونا چاہیے۔ اور ہم صوبے میں صنعتیں لگانے والوں کو سپورٹ کریں گے۔