اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر بالی وڈ سپر سٹار عامر خان نے بتایا کہ ان کی نئی گرل فرینڈ کا نام گوری پریٹ ہے جن کے ساتھ وہ 18 ماہ سے رومانوی تعلق میں ہیں۔

بالی وڈ کے سپر سٹار اور ’مسٹر پرفیکٹ‘ عامر خان رواں ہفتے 60 برس کے ہو گئے ہیں۔ اپنی سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ ایک پارٹی میں انھوں نے کہا کہ وہ ایک رومانوی تعلق میں ہیں۔
عامر خان جمعرات کو اپنی سالگرہ منا رہے تھے۔ اس دوران انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں اپنی زندگی اور فلم انڈسٹری میں اپنے سفر پر بات کی۔ انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی نئی گرل فرینڈ کا نام گوری پریٹ ہے جن کے ساتھ وہ 18 ماہ سے تعلق میں ہیں۔
انھوں نے پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’میرے لیے یہ تعلقات بہت اہم ہیں۔‘
یاد رہے کہ عامر خان اس سے قبل دو شادیاں کر چکے ہیں۔ انھوں نے اپنی پہلی بیوی رینا دتہ سے طلاق کے بعد کرن راؤ سے شادی کی تھی اور پھر سنہ 2021 میں ان کی کرن راؤ سے بھی طلاق ہوگئی تھی۔
عامر خان اور رینا دتہ سنہ 2002 میں الگ ہو گئے تھے۔ اس شادی سے ان کے دو بچے ہیں۔ سنہ 2005 میں انھوں نے فلم پروڈیوسر اور ہدایت کار کرن راؤ سے شادی کی تھی اور پھر 2021 میں دونوں میں علحیدگی ہو گئی۔ اس شادی سے ان کا ایک بیٹا ہے۔
تاہم عامر کا کہنا ہے کہ علیحدگی کے بعد بھی دونوں کے درمیان اچھی دوستی ہے اور دونوں مل کر اپنے بیٹے کی پرورش کر رہے ہیں۔
دونوں نے فلم ’لاپتا لیڈیز‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا تھا۔

عامر خان کی نئی گرل فرینڈ گوری پریٹ کون ہیں؟
عامر خان نے اس پریس کانفرنس میں گوری پریٹ کو متعارف کرانے سے پہلے اپنی فلم ’لگان‘ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’بھوون کو اپنی گوری مل گئی ہے۔‘
یاد رہے کہ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لگان‘ میں مرکزی کردار عامر خان اور گریسی سنگھ نے ادا کیے تھے۔ فلم میں عامر کے کردار کا نام بھوون جبکہ گریسی کے کردار کا نام گوری تھا۔
عامر خان نے پریس کانفرنس میں اپنی ایک اور فلم ’راجہ کو رانی سے پیار ہو گیا‘ کا گانا بھی گایا اور اپنی گرل فرینڈ گوری کے بارے میں مزید معلومات شیئر کیں۔
انھوں نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ آپ کسی اچھے موقع پر ان سے ملیں گے اور پھر ہم بھی اس بات کو خفیہ نہیں رکھنا چاہتے۔ میں نے سلمان خان اور شاہ رخ خان سے ان کی ملاقات کا انتظام کیا ہے۔‘
عامر خان کی سالگرہ کے موقع پر سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی ان کے گھر پہنچے تھے۔
اپنی گرل فرینڈ کے بارے میں مزید معلومات دیتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ وہ ’بنگلور کی رہنے والی ہے۔ دراصل ہم دونوں ایک دوسرے کو 25 سال سے جانتے ہیں۔ لیکن ہماری ملاقات ڈیڑھ سال پہلے ہوئی تھی۔‘
’وہ کسی کام کے سلسلے میں ممبئی میں تھیں اور ہماری اچانک ملاقات ہوئی۔ تب سے ہم ایک دوسرے سے رابطے میں رہے اور سب کچھ ویسا ہی ہوا جیسا ہوتا ہے۔‘
ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، گوری ریٹا پریٹ کی بیٹی ہیں اور ان کی والدہ بنگلور میں ایک سیلون کی مالک ہیں۔ انھوں نے اپنی پوری زندگی اسی شہر میں گزاری ہے۔
عامر خان نے اپنے رشتے کے بارے میں کیا کہا؟
عامر خان اور ان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ عامر خان نے کہا کہ ’میں خوش قسمت ہوں کہ میں مضبوط رشتوں میں رہا ہوں۔ رینا کے ساتھ میرا رشتہ تقریباً 16 سال تک چلا۔ اس کے بعد میں نے کرن کے ساتھ 16 سال گزارے اور ایک طرح سے ہم اب بھی ساتھ ہیں۔ میں نے زندگی میں بہت کچھ سیکھا ہے۔ میں گوری کے ساتھ سکون محسوس کرتا ہوں۔'
گوری کے بارے میں مزید معلومات دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کا ایک چھ سالہ بیٹا ہے جو ذہین ہے اور ان سے مل کر خوش ہے۔
دکن ہیرالڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق، گوری نے میڈیا کو بتایا کہ عامر خان کے خاندان نے ’کھلے دل سے ان کا استقبال کیا‘ اور ہر کسی کا ان کے ساتھ برتاؤ اچھا تھا۔
عامر خان نے کہا ’گوری اب میرے پروڈکشن ہاؤس میں کام کرتی ہے۔‘
شادی کے سوال پر عامر خان نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ ساٹھ سال کی عمر میں شادی میرے لیے مناسب ہے یا نہیں۔
’لیکن میرے بچے خوش ہیں اور میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میرے سابقہ بیویوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔‘