پشاور میں سرکاری نرخنامے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سبزی اور پھلوں کی مہنگے داموں فروخت جاری ہے۔
پشاور شہر میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے، سبزیاں عام مارکیٹ میں 20سے 30 روپے مہنگی فروخت کی جا رہی ہیں۔
آلو کا سرکاری نرخ 60 روپے کلو ہے جبکہ عام مارکیٹ میں 80 روپے کلو میں بیچا جا رہا ہے، ٹماٹر کی سرکاری قیمت 80 روپے ہے جبکہ 110 روپے میں فروخت کیا جا رہاہے۔
پیاز کی فی کلو قیمت 60 روپے مقرر ہے لیکن 90 روپے کلو فروخت کیا جا رہاہے، اسی طرح لہسن اور ادرک بھی سرکاری نرخ سے 30، 30 روپے زیادہ مہنگے فروخت کئے رہے ہیں۔
ملک میں سولر پینلز کی قیمتوں میں بڑی کمی ہو گئی
عام مارکیٹ میں لہسن 630 اور ادرک 430 روپے فی کلوفروخت ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب پھل سرکاری نرخنامے کے برعکس 70 سے 80 روپے مہنگے فروخت ہو رہے ہیں۔
کیلا سرکاری نرخنامے کے برعکس 80 روپے تک مہنگا فروخت کیا جا رہا ہے، درجہ اول کیلے کے سرکاری نرخ 220 روپے درجن ہیں جبکہ عام مارکیٹ میں 300 روپے درجن فروخت کیا جا رہا ہے۔
درجہ دوم کیلے کی قیمت 130 مقرر ہے لیکن عام مارکیٹ میں 200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، گولڈن سیب کے سرکاری ریٹ 240 روپے ہیں لیکن عام مارکیٹ میں 300 روپے تک وصول کئے جا رہے ہیں۔
ایرانی سیب کی قیمت 350 روپے مقرر ہے لیکن عام مارکیٹ میں 400 روپے تک دستیاب ہے، اسٹرابری 300 روپے کی بجائے 350 روپے جبکہ امرود 280 روپے کے بجائے 300 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔