فوربز میگزین نے حال ہی میں دنیا بھر کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی سالانہ فہرست جاری کی ہے۔اس فہرست میں مشہور اداکار ڈوین جانسن المشہور راک بھی شامل ہیں۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق ریسلر سے اداکار بننے والے راک کے لیے یہ سال بہت شاندار رہا کیونکہ ان کی دو بڑی فلمیں ’موآنا 2‘ اور ’ریڈ ون‘ ریلیز ہوئیں۔فہرست میں شامل زیادہ تر اداکاروں کی کمائی بڑی فلموں کی ریلیز کے بعد ہوئی، تاہم مشہور امریکی کامیڈین جیری سینفیلڈ بھی ٹاپ 10 میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں حالانکہ ان کی اس دوران ایسی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی جس نے زیادہ کمائی کی ہو۔جیری سینفیلڈ کی آمدن کا بڑا حصہ ان کے کامیڈی شو سے آتا ہے۔ حیران کن خبر یہ ہے کہ کامیڈی کی دنیا میں ایک ایسے کامیڈین بھی آگئے ہیں جنہوں نے کمائی میں اپنے سینیئر جیری سینفیلڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اس پیش رفت کے بعد جیری سینفیلڈ سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کامیڈین کا اعزاز بھی کھو بیٹھے ہیں۔سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کامیڈین کوئی اور نہیں بلکہ امریکی کامیڈین اور ایکٹر کیون ہارٹ ہیں جنہوں نے 2024 میں 81 ملین ڈالر نیٹ اور مجموعی طور پر 108 ملین ڈالرز کمائے۔
کیون ہارٹ کے کامیڈی شوز انٹرنیٹ پر وائرل ہیں (فوٹو: نیٹ فلکس)
کیون ہارٹ کے لیے سال 2024 کیریئر کا سب سے زیادہ منافع بخش سال ثابت ہوا ہے، جس میں انہوں نے ہالی ووڈ کے ٹام کروز، ہیو جیک مین، بریڈ پٹ سمیت کئی بڑے سپر سٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
2024 میں ٹام کروز نے 15ملین، ہیو جیک مین نے 50 ملین، بریڈ پٹ نے 32 ملین اور جارج کلونی نے 31 ملین ڈالرز کمائے۔کیون ہارٹ کی آمدن کا انحصار مختلف سرمایہ کاریوں اور پیشہ وارانہ معاوضوں پر ہے۔سال 2024 میں نیٹ فلکس اور دوسرے پلیٹ فارمز سمیت انہوں نے کئی سارے پروجیکٹس کیے ہیں جہاں سے انہوں نے موٹی رقم حاصل کی۔