مغربی لندن کے الیکٹرک سب سٹیشن میں آگ لگنے کے بعد ہیتھرو ایئر پورٹ کو بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث نہ صرف سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں بلکہ ہزاروں مسافر بھی اپنی منزلوں پر جانے سے قاصر ہیں۔
قریب واقع الیکٹرک سب سٹیشن میں آتشزدگی کے سبب ہیتھرو ایئرپورٹ سے دنیا بھر کی پروازیں منسوخ ہو گئی ہیںمغربی لندن کے الیکٹرک سب سٹیشن میں آگ لگنے کے بعد ہیتھرو ایئر پورٹ کو بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث نہ صرف سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں بلکہ ہزاروں مسافر بھی اپنی منزلوں پر جانے سے قاصر ہیں۔
مغربی لندن کے علاقے ہیز میں الیکٹرک سب سٹیشن میں جمعرات کو پہلے دو دھماکے سُنے گئے اور پھر وہاں آگ لگ گئی جس کے سبب تقریباً 5000 گھر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ آتشزدگی کے باعث قریبی مکانات سے 150 افراد کو بھی کہیں اور منتقل کیا گیا ہے۔
لندن میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعے پر انسداد دہشتگردی کمانڈ کی سربراہی میں تحقیقات شروع کی گئی ہے تاہم اب تک کوئی ایسے شواہد نہیں ملے ہیں جن سے آگ لگنے کو دہشتگردی سے جوڑا جا سکے۔
پولیس ترجمان کے مطابق انسداد دہشتگردی کمانڈ کو اس لیے تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی کیونکہ 'یہ سب سٹیشن اہم جگہ پر واقع ہے اور اس واقعے کے اہم قومی انفراسٹرکچر پر سنگین اثرات مرتب ہوئے۔'
ترجمان کے مطابق کمانڈ کے پاس 'خصوصی وسائل اور صلاحیت' ہے تاکہ اِن اثرات کو کم کیا جا سکے اور آگ لگنے کی وجہ معلوم ہو سکے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں سب سٹیشن سے آگ کے شعلے اُٹھتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
برطانیہ کے مصروف ترین ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہوائی اڈے کے آپریشنز میں 'تعطل' آ سکتا ہے اور حکام کی جانب سے مسافروں کو کہا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ دوبارہ کُھلنے تک 'کسی بھی صورت میں' وہاں نہ آئیں۔
دوسری جانب لندن فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ ہیز میں لگنے والی آگ اب بجھا دی گئی ہے۔ تاہم آتشزدگی کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نیشنل گرڈ کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے 62 ہزار صارفین کی بجلی بحال کر دی گئی ہے اور اب صرف چار ہزار 900 گھر بجلی سے محروم ہیں۔
برطانیہ کے وزیرِ توانائی ایڈ ملیبینڈ نے بی بی سی ریڈیو فور کو بتایا کہ مغربی لندن میں آتشزدگی ایک بڑا واقعہ تھا جس کے سبب 'نہ صرف سب سٹیشن خراب ہوا بلکہ بیک اپ جنریٹر بھی خراب ہو گیا۔'
ہیتھرو ایئر پورٹ پر آپریشنز معطل
قریب واقع الیکٹرک سب سٹیشن میں آتشزدگی کے سبب ہیتھرو ایئرپورٹ سے دنیا بھر کی پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں اور اسے بند کر دیا گیا ہے۔
فلائیٹ ٹریڈر 24 ویب سائٹ کے مطابق ایئرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے 1300 سے زیادہ پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
یہاں یہ سوال اُٹھتا ہے کہ برطانیہ کے مصروف ترین ایئرپورٹ پر بجلی کی معطلی کی صورت میں کوئی بیک اپ نظام کیوں موجود نہیں ہے؟
ٹریول جرنلسٹ سائمن کالڈر کہتے ہیں کہ سنہ 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ ہیتھرو ایئر پورٹ بند ہوا ہوبی بی سی سمجھتا ہے کہ ایئرپورٹ کا نظام چلانے کے لیے وہاں بیک اپ سسٹم موجود ہے لیکن بجلی کے اس متبادل نظام کو سٹارٹ ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے۔
ایک ذریعے نے بی بی سی کو بتایا کہ بجلی منقطع ہونے کی صورت میں ایئرہورٹ کا بیک اپ سسٹم فوری طوری پر سٹارٹ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
جب ایئرپورٹ کی بجلی بحال ہو جاتی ہے تو وہاں نصب متعدد سسٹمز ری بوٹ ہوتے ہیں اور انھیں چیک کیا جاتا ہے کہ وہ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں یا نہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ جمعے کو بند رہے گا لیکن اس کے اثرات آنے والے دنوں میں سامنے آتے رہیں گے۔
اس وقت ہیتھرو ایئرپورٹ پر کوئی پرواز نہیں اُتر رہی اور جن جہازوں نے یہاں اُترنا تھا ان کا رُخ دیگر ایئرپورٹس کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
ٹریول جرنلسٹ سائمن کالڈر کہتے ہیں کہ سنہ 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ ہیتھرو ایئر پورٹ بند ہوا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم نے 15 برس قبل آخری مرتبہ ہیتھرو ایئرپورٹ کے اوپر آسمان کو خالی دیکھا تھا۔'
مسافروں کو درپیش مشکلات
ایئرپورٹ بند ہونے کے سبب لندن آنے والے ہزاروں مسافر بھی دیگر ممالک میں پھنس گئے ہیں۔
بی بی سی کے صحافی تھامس میک انٹاش سکاٹ لینڈ اور یونان کے درمیان فُٹبال میچ دیکھنے ایتھنز گئے تھے اور ان کی پرواز کو جمعے کی صبح ہیتھرو ایئرپورٹ پر اُترنا تھا۔
تھامس اور دیگر افراد سکیورٹی کاؤنٹر پر چیکنگ کے بعد ناشتہ کر رہے تھے کہ وہاں موجود ایک افسر نے آواز لگائی: 'ہیتھرو ایئرپورٹ جانے والی تمام پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔'
ایلکس منی کو بھی آج لندن آنا تھا لیکن ہیتھرو ایئرپورٹ کی بندش کے سبب ان کی پرواز کا رُخ کیپ ٹاؤن سے بارسلونا موڑ دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں سب سٹیشن سے آگ کے شعلے اُٹھتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیںانھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ: 'آج میری سالگرہ ہے اور میں نے نہیں سوچا تھا کہ یہ ایسے گزرے گی۔'
ٹوری ڈنزیلو کو اپنے والد کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے لندن پہنچنا تھا لیکن اچانک دورانِ پرواز ان کے جہاز نے 'یو ٹرن' لیا اور انھیں عملے نے بتایا کہ ہیتھرو ایئرپورٹ بند ہونے کے سبب ان کا جہاز کینیڈا میں اُتر رہا ہے۔
انابیل کِف کو اپنا جنم دن نیو یارک میں منانا تھا لیکن ہیتھرو ایئرپورٹ بند ہونے کے سبب وہ اب لندن میں ہی ہیں۔
انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اور ان کے پارٹنر میکس کو برطانوی وقت کے مطابق صبح چار بجے ایئر پورٹ جانا تھا لیکن اب انھوں نے برائٹن میں واقع اپنے گھر میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
'ہماری چھٹیاں منسوخ ہو گئیں۔ میں بہت بُرا محسوس کر رہی ہوں۔'