ایشوریا رائے بچن کی گاڑی کی ٹکر کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی۔
26 مارچ کو ایک فوٹوگرافر کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ممبئی کی سڑک پر اداکارہ کی گاڑی کو ایک بڑی لال رنگ کی بس نے ٹکر مار دی۔
ویڈیو کے منظرعام پر آتے ہی مداحوں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی، اور وہ فوراً یہ جاننے کے لیے فکر مند ہوگئے کہ کہیں ایشوریا رائے کو کوئی چوٹ تو نہیں آئی؟ خوش قسمتی سے، گاڑی کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا اور اداکارہ کی گاڑی بالکل صحیح سلامت وہاں سے روانہ ہوگئی۔
ٹکر کے فوراً بعد، اداکارہ کے باڈی گارڈز گاڑی سے باہر نکل آئے اور سڑک پر ہجوم لگ گیا۔ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور مداحوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، کچھ نے پریشانی کا اظہار کیا تو کچھ پرامید نظر آئے کہ ایشوریا بخیروعافیت ہوں گی۔