امریکی خاتون ایک انڈین شخص کی محبت میں مبتلا ہونے کے بعد ملاقات کے لیے انڈیا پہنچ گئی۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دونوں کی ملاقات کئی ماہ پیشتر انسٹاگرام پر ہوئی اور اسی پر ایک دوسرے کو دل بیٹھے، مہینوں تک ان کی گپ شپ اسی ایپ پر ہوتی رہی تاہم اب وہ بالآخر ملاقات کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو مختلف ملکوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے کس طرح ایک دوسرے کے قریب آئے، اس ویڈیو پر صارفین مختلف کمنٹس کر رہے ہیں اور نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
امریکی خاتون فوٹوگرافر جیکلین فوریرو نے اپنے سفر کی ویڈیو انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’14 ماہ کے تعلق کے بعد ایک نئے باب کے لیے تیار ہیں۔‘
ایک تبصرے کے جواب میں جیکلن فوریرو نے لکھا کہ وہ انڈین شہری چندن سے 9 سال بڑی ہیں۔
ویڈیو میں امریکی خاتون بتاتی ہیں کہ کیسے ان کے درمیان انسٹاگرام پر رابطہ بنا اور پھر دونوں ایک دوسرے سے ویڈیو کالز کے ذریعے بات کرتے رہے۔
ویڈیو میں کچھ ایسے چھوٹے کلپس بھی شامل کیے گئے جن میں وہ ایک ویڈیو کال پر بات کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں وہ لمحات بھی محفوظ ہیں جب جیکلین اور چندن کی حقیقی زندگی میں پہلی ملاقات ہوئی۔
صارفین کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
جیکلین فوریرو نے اپنے انسٹاگرام پر اپنے پورے سفر اور چندن سے ملاقات کی ویڈیو شیئر کی ہے (فوٹو: انسٹاگرام، جیکلن فوریرو)
ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ میری کہانی سے کافی ملتی جلتی ہے، ہم بھی انسٹاگرام پر ملے تھے اور سات ماہ بعد میں بھی اس سے شادی کے لیے انڈیا گئی تھی، یہ ساڑھے تین سال پرانی بات ہے اور وہ پچھلے برس ہی امریکہ پہنچے ہیں۔ یہ ایک دیوانگی کا سفر تھا مگر مزیدار تھا۔‘
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’یہ دونوں بہت خوبصورت ہیں، بہت اچھے نظر آنے والے انسان۔‘
اسی طرح ایک اور صارف نے ازراہ تفنن لکھا کہ ’ایک پیشہ ور ہیٹر ہونے کے باوجود میں اس ویڈٰیو سے نفرت نہیں کر سکتا۔ یہ بہت خوبصورت ہے۔‘
چوتھا تبصرہ کچھ یوں تھا ’یہ بہت پیاری بات ہے، آپ کو آپ کا روحانی ساتھی مل گیا۔ اس کی آنکھیں بہت مہربان ہیں۔‘
جوڑے نے ایک یوٹیوب چینل بنا لیا ہے اور اس پر دی گئی معلومات میں ان کی داستان محبت کی مختلف جھلکیاں بھی موجود ہیں۔
اس میں بتایا گیا ہے کہ ’ایک طلاق یافتہ خاتون محبت کی تلاش میں تھی اور پھر اس کی ملاقات آندھر پردیش کے ایک دور دراز کے گاؤں میں رہنے والے ایک نوجوان سے ہوتی ہے۔‘
اس پر مزید لکھا گیا ہے کہ عمر، ثقافت، نسل اور مالی حیثیت اور ثقافتوں میں واضح فرق کو توڑتی جیکلین اور چندن کی داستان محبت ظاہر کرتی ہے کہ ایک مرد کے پاس دنیا کے معیارات کے حساب سے کچھ بھی نہیں ہے مگر اس کے پاس وہ سب کچھ ہے جس کی ایک عورت کے دل کو ضرورت ہوتی ہے۔‘