امریکہ جانے کے خواہش مند درخواست گزار کا صرف 40 سیکنڈ میں ویزا کیوں مسترد ہوا؟

image

امریکہ جانے کے خواہش مند ایک انڈین شہری کے خواب صرف 40 سیکنڈ میں ہی اُس وقت چکناچُور ہو گئے جب امریکی سفارت خانے نے اُن سے پوچھ گئے سوالوں کا جواب سننے کے فوری بعد اُن کا ویزا مسترد کردیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ویزا مسترد ہونے کے بعد انڈین شہری نے اس واقعے اور اپنے تجربے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ریڈِٹ‘ پر شیئر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے نئی دہلی میں موجود امریکی سفارت خانے میں ’بی ون بی ٹُو‘ (یہ ویزا عام طور پر سیاحت اور مختصر کاروباری دورے کے لیے ہوتا ہے) ویزے کے لیے درخواست دی تھی۔

انڈین شہری نے بتایا کہ ’میں نے امریکی سفارت خانے کے عملے کی جانب سے پوچھے گئے تین سوالات کے جوابات نہایت دیانت داری سے دیے تھے۔‘

انڈین شہری نے یُوزر نیم نوبڈی 01810 کے ساتھ اپنی پوسٹ میں سوشل میڈیا صارفین سے پوچھا کہ میں سمجھنا چاہتا ہوں کہ مجھ سے کہاں غلطی ہوئی اور مستقبل میں میرے امریکہ جانے کے امکانات کیسے بڑھ سکتے ہیں؟

ریڈِٹ کے مطابق انڈین شہری نے امریکہ کا دو ہفتے کا دورہ ترتیب دیا تھا جس میں انہوں نے فلوریڈا، ڈِزنی لینڈ، یونیورسل سٹوڈیوز، کینیڈی سپیس سینٹر اور مقامی دلچسپی کی بعض دیگر اہم جگہوں کی سیر کے لیے جانا تھا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ ’ویزے کے لیے ہونے والے انٹرویو میں سفارت خانے کے عملے کی جانب سے مجھ سے تین سوالات پوچھے گئے تھے۔‘

پہلا سوال یہ تھا کہ میں امریکہ کا دورہ کیوں کرنا چاہتا ہوں؟ دوسرا سوال کہ کیا میں اس سے قبل کبھی انڈیا سے باہر گیا ہوں؟ اور تیسرا سوال مجھ سے پوچھا گیا کہ کیا میرا کوئی دوست یا رشتہ دار امریکہ میں رہائش پذیر ہے؟

درخواست گزار کے مطابق انہوں نے تینوں سوالات کے جوابات دیانت داری سے دیے کہ میں فلوریڈا میں چھٹیاں گزارنا چاہتا ہوں، میرا  اس سے قبل غیرملکی سفر کا کوئی تجربہ نہیں ہے، اور یہ کہ امریکہ میں میری ایک گرل فرینڈ موجود ہے۔

’تاہم امریکی ویزا افسر میرے جوابات سے مطمئن نہیں ہوا اور انہوں ںے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں میرا ویزا مسترد کردیا۔‘

بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ’کمزور ٹریول ہسٹری ویزا مسترد ہونے کی ایک وجہ ہے‘ (فائل فوٹو: آئی سٹاک فوٹو)

ان کی اس پوسٹ پر ریڈِٹ کے صارفین نے فوری طور پر مختلف تبصرے شروع کردیے اور اُن کا ویزا مسترد ہونے کی وجوہات بیان کیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’بدقسمتی سے آپ نے اس سے قبل کسی ملک خاص طور پر مغربی ممالک کا سفر نہیں کیا۔ اس کے علاوہ امریکہ میں گرل فرینڈ کی موجودگی کو آپکے وہاں جانے کی بڑی وجہ سمجھا گیا۔‘ 

ایک اور صارف کے مطابق ’آپ نے تو امریکہ میں اپنی گرل فرینڈ کی موجودگی کا سچ سچ بتا دیا لیکن ویزا افسر کے خیال میں آپ وہاں غیرقانونی طور پر قیام کرنے جانا چاہتے ہیں۔‘

تیسرے صارف نے لکھا کہ ’آپ کے لیے یہ ثابت کرنا مشکل تھا کہ آپ امریکہ میں ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد مزید قیام نہیں کریں گے۔‘

’آپ کی ٹریول ہسٹری بھی کمزور ہے، اور وہاں آپ کی ایک گرل فرینڈ بھی ہے جسے آپ شاید ابھی تک ملے بھی نہیں۔‘

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں آپ نے پہلے سوال کے جواب میں اپنی گرل فرینڈ کے بارے میں نہیں بتایا اور پھر جب آپ سے فیملی اور دوستوں سے متعلق پوچھا گیا تو آپ نے اُن کا ذکر کیا۔‘

’اس کے علاوہ آپ انڈیا سے باہر کبھی گئے ہی نہیں اور آپ کی یہی ٹریول ہسٹری بھی ویزا مسترد ہونے کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔‘

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.