گلوکار و موسیقار حسن رحیم نے خاموشی سے شادی کرکے مداحوں کو خوشخبری سنادی، تاہم ساتھ ہی گلوکار نے شادی کی تصاویر شیئر نہ کرنے کی اپیل بھی کردی۔
حسن رحیم نے 18 اپریل کو انسٹاگرام پر دلہن کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پیجز اور میڈیا پبلیکشنز کو اپیل کی کہ ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر یا شائع نہ کیا جائے۔ حسن رحیم نے لکھا کہ وہ اپنی شادی کی تقریبات کی کسی بھی ویڈیو یا تصویر کو شیئر کرنے کی اجازت نہیں دے رہے، اس لیے ان کی پرائیویسی کا احترام کرکے تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر نہ کیا جائے۔
انہوں نے شادی اور دلہن سے متلعق کوئی معلومات فراہم نہیں کی، تاہم ان کی جانب انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر میں ان کی دلہن کے چہرے کو دیکھا جا سکتا ہے۔ حسن رحیم کی جانب سے شادی کی تصدیق کیے جانے کے بعد میوزک اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
مداحوں نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔