لائیو: انڈیا کو دہشت گردی کو خارجہ پالیسی کے حربے کے طور پر استعمال کرنا چھوڑنا ہوگا، بلاول بھٹو

image

اہم نکات

دریائے چناب میں پانی کی کمی کے بعد بہاؤ معمول کے مطابق بحال

امریکہ میں پاکستان کے سفیر کی پہلگام واقعے پر تھنک ٹینکس کو بریفنگ

وزیر داخلہ محسن نقوی کی قطر کے وزیراعظم سے ملاقات میں خطے کی صورتحال پر بات چیت

پاکستان کی درخواست پر بلائے گئے سلامتی کونسل اجلاس میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان کا پہلگام واقعے میں کسی قسم کا ہاتھ نہیں ہے، ہم دہشت گردی برآمد نہیں کرتے بلکہ ہم اس کا شکار رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کلبھوشن یادیو کی شکل میں انڈیا کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کو ثابت کر چکا ہے، انڈیا پراکسیز کے ذریعے نہیں بلکہ اپنی مسلح افوج کے تحت دہشت گرد کارروائیوں مییں ملوث ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ صرف ہماری سرزمین پر ہی نہیں بلکہ انڈیا کے ہاتھ سری لنکا سے کینیڈا اور اس سے آگے تک خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا پاکستان سے پہلگام واقعے کے ان دہشت گردوں کا جواب مانگ رہا ہے جن کے ناموں کی شناخت بھی نہیں ہوئی جبکہ کلبھوشن یادیو جو انڈین فوج کا اہلکار ہے اس کا جواب دینے سے قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا کو دہشت گردی کو اپنی خارجہ پالیسی کے آلہ کار کے طور پر استعمال کرنا چھوڑنا ہوگا، اس خطے کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے پاکستان اور انڈیا کو مل کر کام کرنا ہوگا ورنہ آئندہ نسلوں کو اس ناسور کو بھگتنا پڑے گا۔

اسحاق ڈار کا افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر متقی سے رابطہ، اعلٰی سطح کے رابطوں پر زور 

پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ کے 19 اپریل کو دورہ افغانستان کے بعد کی پیش رفت پر دونوں رہنماؤں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

تجارت، رابطوں، معاشی تعاون، لوگوں کے درمیان روابط اور سیاسی سطح پر مشاورتی میکانزم کی دوبارہ بحالی کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا۔

بیان کے مطابق دونوں فریقین نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اعلٰی سطح پر رابطے برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے افغان قائم مقام وزیر خارجہ کو انڈیا کی پاکستان کے خلاف غیرقانونی اور یکطرفہ اشتعال انگیزی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے امن اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق امیر خان متقی نے تجارتی اور سفری سہولیات کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور اسحاق ڈار کو افغانستان کا دوبارہ دورہ کرنے کی دعوت دی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار وقار مہدی 111 ووٹ لے کر سندھ سے سینیٹ کی نشست پر کامیاب

پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار وقار مہدی 111 ووٹ لے کر سندھ سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر کے انتقال کے باعث سینیٹ کی خالی نشست پر آج ضمنی الیکشن ہوئے جس میں پیپلز پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کے وقار مہدی کو 111 جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کی امیدوار نگہت مرزا کو 36 ووٹ ملے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 149 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے دو ووٹ مسترد ہوئے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات

وزیر داخلہ محسن نقوی کی دوحہ میں قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات ہوئی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان انڈیا کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بھی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پہلگام واقعے پر انڈیا کے بے بنیاد الزامات اور اقدامات سے  خطے کے امن  کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش پاکستان کے اصولی مؤقف کو مضبوط کرتا ہے، دنیا کو علم ہونا چاہیے کہ واقعے کے ماسٹر مائنڈ اور اصل ملزمان کون ہیں اور اس کا بینفشری کون ہے۔ 

ملاقات میں قطر میں پاکستان کے سفیر محمد عامر اور اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔

 پاکستان نے سفارتی سطح پر انڈیا کو جو مار دی ان کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی، عطااللہ تارڑ

وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان نے سفارتی سطح پر انڈیا کو جو مار دی ہے ان کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پورا انٹرنیشنل میڈیا کہہ رہا ہے کہ انڈیا کے پاس پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا نے پاکستان کا پانی روکا تو فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ انڈیا وہ ملک ہے جو سکھوں کا قتل کرواتا ہے، پوری دنیا سے سکھ برادری نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈین نیوی کا کمانڈر کلبھوشن یادیو ہمارے پاس دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ انڈیا کے تانے بانے دہشت گردوں کے ساتھ ملتے ہیں اور خفیہ ایجنسی راء کے ہینڈلر پاکستان میں حملے کرواتے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل حج کا عازمین کی آمد سے قبل انتظامات کا جائزہ

ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ عازمین حج کی آمد سے قبل تمام سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

وزارت حج کہ جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی حج نے کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان، ڈائریکٹر حج مکہ عزیز اللہ خان و دیگر معاونین کے ہمراہ رہائشی عمارتوں کا دورہ کیا اور رہائشی کمروں، ڈائننگ ہالز، لفٹس اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔

ڈی جی حج نے عازمین حج کی سہولت و تعاون، رہنمائی اور شکایات کے ازالے سے متعلق ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی آمد 7 مئی سے شروع ہو جائے گی۔

پی ایس ایل میچز کے لیے ٹیموں کی اسلام آباد آمد، ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا

پلے آف میچز سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے آخری گروپ کے میچز کا آغاز کل بدھ سے ہونے جا رہا ہے۔

راولپنڈی میں میچز کے لیے ٹیمیں آج اسلام آباد پہنچ رہی ہیں جس کے لیے ٹریفک پولیس نے پلان ترتیب دے دیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق پی ایس ایل میچز کے سلسلے میں ٹیموں کی آمد و رفت کے باعث اسلام آباد میں آج کشمیر چوک، کلب روڈ اور راول ڈیم چوک پر مختلف اوقات میں سخت سیکیورٹی اور ٹریفک پلان نافذ رہے گا۔

صبح 8 سے 10 بجے اور دوپہر 1 سے 3 بجے کے دوران کلب روڈ پر ٹریفک سست روی کا شکار ہوگی۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے متبادل راستے تجویز کرتے ہوئے شہریوں کو 20 منٹ کا اضافی وقت رکھ کر سفر کرنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کل بدھ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے ہوگا۔

ضلع پشین میں دہشت گردوں کی فائزنگ سے سب انسپکٹر زین الدین ترین ہلاک

صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے بٹے زئی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر زین الدین ترین ہلاک ہو گئے ہیں۔

 ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ابتدائی کاروائی میں دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ 

دریائے چناب میں پانی کی کمی کے بعد بہاؤ معمول کے مطابق

دریائے چناب میں پانی کی کمی کے بعد بہاؤ معمول کے مطابق بحال ہو گیا ہے۔

 ترجمان واپڈا کے مطابق آج منگل کی صبح ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 28  ہزار300 کیوسک اور اخراج  19 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ گیا ہے۔

تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد  5  ہزار 300 کیوسک اور اخراج  50  ہزار کیوسک ہے جبکہ منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 43ہزار 500 کیوسک اور اخراج  32  ہزار کیوسک ہے۔

چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 99 ہزار100 کیوسک اوراخراج 85  ہزار کیوسک ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 37  ہزار کیوسک اور اخراج  37 ہزار کیوسک ہے۔

تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزوائر میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ 23 لاکھ 45  ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

پہلگام واقعے پر انڈیا کی طرف سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، امریکہ میں پاکستانی سفیر

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی تھنک ٹینک کے نمائندگان کو پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ہے۔

بریفنگ میں رضوان سعید شیخ نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے پہلگام واقعے کے حوالے سے اب تک کوئی ایک بھی ثبوت پاکستان یا دنیا کے سامنے نہیں رکھا گیا۔

سال 2019 کے پلوامہ واقعے کا حوالہ دیتے  ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب انڈیا کی نے پاکستان پر غیرمنطقی الزامات لگائے گئے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کا علاقہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا  ہے جہاں میڈیا، انٹرنیٹ اور نقل و حرکت پر پابندیاں ہیں اور جس سے جبر کا ماحول پیدا ہوا ہے۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے کہا کہ انڈیا کا طرزِ عمل لاقانونیت پر مبنی ہے اور 24 کروڑ افراد پر مشتمل زرعی معیشت کو زک پہنچانے کی کوشش اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔

آرمی چیف کی انڈیا سے واپس بھیجے گئے دو بچوں کا علاج اے ایف آئی سی میں کرنے کی ہدایت

آرمی چیف عاصم منیر نے انڈیا سے واپس بھیجے گئے دو پاکستانی بچوں کا علاج راولپنڈی کے اے ایف آئی سی ہسپتال میں کروانے کی ہدایت کی ہے۔

پہلگام واقعے کے بعد انڈین حکومت نے زیرِ علاج مریضوں کو پاکستان واپس بھیج دیا تھا جن میں حیدر آباد کے رہائشی 9 سالہ عبداللہ اور 7 سالہ منسا بھی شامل ہیں۔

والد شاہد احمد کے مطابق وہ گزشہ ماہ 21 اپریل کو اپنے بچوں کے علاج  کی غرض سے انڈیا کے شہر فرید آباد پہنچے تھے جہاں سرجری ہونی تھی تاہم پہلگام واقعے کے بعد انہیں واپس جانے کا کہا گیا۔

اے ایف آئی سی  کے ڈاکٹر محبوب سلطان نے بتایا کہ دونوں بچے پیدائشی طور پر دل کے عارضے میں مبتلا ہیں جن کی مرحلہ وار سرجری ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی کافی بچوں کی سرجریز یہاں ہو چکی ہیں اور ہسپتال کے پاس تمام سہولیات موجود ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سربراہ کا خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں جنوبی ایشیا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیر اعظم کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے ان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اس معاملے پر تمام ثالثوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے تشویش کا اظہار کیا کہ انڈیا نے ابھی تک پہلگام واقعے کے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے لیکن اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔

’کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے‘ پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا سلامتی کونسل اجلاس ختم

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتحار نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر منگل کو پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔

جس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ  پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشمیر کا تنازع سات دہائیوں پر محیط ہے اور تب سے ہی بغیر کسی حل کے چلا آ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنازعات کو وقتی طور پر نظرانداز کیا جا سکتا ہے مگر اس سے وہ ختم نہیں ہوتے بلکہ گہرے ہوتے جاتے ہیں۔

مزید جاننے کے لیے اس لنک پر کلک کریں

اسلام آباد یونائیٹڈ پاکستان سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی ہے۔

پی ایس ایل 10 کا چھبیسواں میچ کل بروز بدھ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ 10 کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت آل راؤنڈر شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سعود شکیل کریں گے۔

کویٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک 8 میں سے 5 میچز جیت چکی ہے اور 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی 8 میچز میں سے 5 میں فتح حاصل کی ہے اور 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ جیت کی صورت میں کوئی بھی ٹیم پلے آف مرحلے میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.