جوابی کارروائی کا حق رکھتے ہیں، مسلح افواج کو مکمل اختیار دے دیا: قومی سلامتی کمیٹی

image
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان اپنے بےگناہ شہریوں کی ہلاکت اور خومختاری کی کُھلی خلاف ورزی کے بدلے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں مسلح افواج کو مکمل اختیار دے دیا گیا ہے۔‘

بدھ کو ملک کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کے زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں انڈیا کی بلا اشتعال، بزدلانہ اور غیر قانونی جنگی کارروائی کے سنگین مضمرات پر غور کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انڈیا نے پاکستان کی خودمختار حدود میں مختلف مقامات پر مربوط میزائل، فضائی اور ڈرون حملے کیے۔

’من گھڑت دہشتگرد کیمپوں کی موجودگی کا بہانہ بنا کر شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں بے گناہ مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے جبکہ مساجد سمیت شہری انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔‘

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے ان غیرقانونی اقدامات کو پاکستان کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کی کُھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی۔  کمیٹی نے انہیں بین الاقوامی قوانین کے تحت واضح طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں شمار کیا۔‘

’انڈیا کی فوج کی جانب سے بے گناہ خواتین و بچوں سمیت عام شہریوں کو نشانہ بنانا ایک شرمناک اور گھناؤنا عمل ہے جو انسانی اخلاقیات اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘

قومی سلامتی کمیٹی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر انڈیا کو جواب دہ ٹھہرائے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان انڈیا کے الزامات کو پہلے ہی واضح اور دوٹوک انداز میں مسترد کرچکا ہے جن میں پاکستان میں دہشتگرد کیمپوں کی موجودگی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

22 اپریل 2025 کے فوراً بعد پاکستان نے شفاف، غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد تحقیقات کی پیشکش کی تھی جسے قبول نہیں کیا گیا۔ 

’پاکستان کے معصوم شہریوں پر حملہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انڈیا نے ایک بار پھر ہوش اور عقلیت کے تمام تقاضوں کو روندتے ہوئے خطے میں آگ بھڑکا دی ہے جس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری انڈیا پر عائد ہوگی۔‘

پاکستان کی مسلح افواج نے انڈیا کی جارحیت کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت کا بھرپور دفاع کیا اور اس دوران پانچ بھارتی لڑاکا طیاروں اور ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا (فوٹو: اے ایف پی)

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’انڈیا کی کُھلی جارحیت پر پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کی جرأت، بہادری اور بروقت دفاعی اقدامات کو سراہتی ہے۔ قوم ہر طرح کی ممکنہ جارحیت کے خلاف یکجہتی اور عزم کے ساتھ کھڑی ہے۔‘

قومی سلامتی کمیٹی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ’انڈیا کی بلااشتعال اور غیرقانونی کارروائیوں کی سنگینی کو تسلیم کرے اور بین الاقوامی قوانین و اُصولوں کی کھلی خلاف ورزی پر جواب دہ ٹھہرائے۔‘

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی برداشت کرے گا نہ ہی اپنے عوام کو کوئی نقصان پہنچانے دے گا۔‘

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.