پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر گفتگو کا پہلا راؤنڈ ہوا۔
واضح رہے کہ 10 مئی کو بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے کہا تھا کہ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز سے سہ پہر 3 بج کر 35 منٹ پر رابطہ ہوا۔
انہوں نے اتفاق کیا ہے کہ دونوں فریق تمام قسم کی فائرنگ اور زمینی، بحری اور فضائی فوجی کارروائیاں روک دیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس جنگ بندی کا اطلاق آج شام 5 بجے سے ہوگا، دونوں فریقین کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا تھا کہ دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز دوبارہ 12 مئی کو بات کریں گے۔