عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں اہم پیشرفت

image

190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں کل سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور سابق خاتون اول کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 17 جنوری کو عمران خان اور بشری بی بی کو اس کیس میں سزا سنائی تھی، بانی پی ٹی آئی کو 14 سال، جب کہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید و جرمانہ کی سزا ہوئی تھی۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کررکھی ہے، 17 جنوری فیصلے کو سنائے گئے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف 27 جنوری کو اپیلیں دائر کی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز یا القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا تھا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سیکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔

یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔

عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا۔ رقم (190 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا تھا۔


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts