حکومت کا 16 مئی کو قومی سطح پر یوم تشکر منانے کا اعلان

image

بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کل 16 مئی 2025 کو ملک بھر میں یو م تشکر منا یا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں 16 مئی کویو م تشکر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا جب کہ وفاقی درالحکومت میں 31 اور صوبائی دارلحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جب کہ پرچم کشائی کی تقریبات وفاقی اور صوبائی دارالحکومت میں منعقد کی جائیں گی۔

ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقریب منعقد ہو گی جب کہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی۔

یوم تشکر کی نمایاں تقریب کل رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی، تقریب میں تمام مکاتب فِکرسے اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم ہوں گے جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ یومِ تشکر پاکستانی قوم کی ثابت قدمی اور اتحاد کی فتح کی علامت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم جمعہ کو اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہو کر اُس کا شکر ادا کرے گی کہ اُس نے ہمیں دشمن کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف تاریخی کامیابی عطا فرمائی۔

واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی محاذ آرائی کا آغاز اس وقت ہوا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کا الزام اسلام آباد پر عائد کیا تھا۔

بعدازاں، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب نئی دہلی نے پاکستان پر فضائی حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا جس کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا۔

10 مئی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی ہو گئی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.