پی ایس ایل کا دوبارہ آغاز، کون سے غیرملکی کھلاڑی پاکستان واپس آرہے ہیں؟

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے باقی میچز 17 مئی سے کروانے کا اعلان کیا ہے۔ 

اس حوالے سے پُرانے شیڈول کے مطابق پنڈی کرکٹ سٹیڈیم ہی گروپ میچز کی میزبانی کرے گا، جبکہ فائنل سمیت پلے آف میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم یہاں یہ جاننا ضروری ہے کہ پی ایس ایل کی چھ فرنچائزز کے کون سے ایسے غیر ملکی کھلاڑی ہیں جو دوبارہ اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے، اور کون سے کھلاڑی پاکستان واپس نہیں آرہے؟

اردو نیوز نے اس سوال کا جواب جاننے کے لیے پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کے میڈیا مینیجرز سے رابطہ کیا، تاہم ان کی جانب سے اس بارے میں سرِدست کوئی حتمی نام شیئر نہیں کیے گئے۔

اردو نیوز کو حاصل معلومات کے مطابق پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے زیادہ تر غیرملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔

تاہم جن ٹیموں کے ابتدائی مرحلے میں ہی باہر ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، اُن کے بیشتر غیرملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آئیں گے۔

جن ٹیموں کے غیرملکی کھلاڑی دوبارہ پاکستان نہیں آئیں گے اور اُن کا متبادل بھی تلاش کرنا ممکن نہ ہوا، تو ایسی صورت میں وہ ٹیمیں مقامی کھلاڑیوں کی قوت پر انحصار کریں گی۔

اب تک کون سے کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کا اعلان کیا ہے؟

کراچی کنگز، جو اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے، اس کے قریباً تمام غیرملکی کھلاڑی پاکستان واپس آئیں گے۔

کپتان ڈیوڈ وارنر، جیمز وِنس، ٹم سائفرٹ اور محمد نبی کی جانب سے کراچی کنگز کو دوبارہ جوائن کرنے کے امکانات ہیں۔

اگر لاہور قلندرز کا ذکر کریں جو اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے تو اب تک کی اطلاعات کے مطابق ٹیم کے کچھ غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان نہ آنے کا خدشہ موجود ہے۔

ان میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل شامل ہیں جبکہ سکندر رضا، سیم بلنگز اور بنگلہ دیش کے رشاد حسین کے واپس آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

کارچی کنگز کے ڈیوڈ وارنر، جیمز وِنس، ٹم سائفرٹ اور محمد نبی کی واپسی کے امکانات ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پٰی)

اسلام آباد یونائیٹڈ، جو اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے، کے زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان واپسی کے امکانات ہیں۔ 

ان کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کے کولن منرو اور امریکہ کے اینڈریز گوس شامل ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے بین ڈوارشیئس اور دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کی واپسی مشکوک ہے۔

انگلینڈ کے بیٹر ایلکس ہیلز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کی ہے، جس کے بعد ان کے پاکستان آنے کے امکانات واضح ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل نیوزی لینڈ کے فن ایلن، مارک چیپمین اور کائل جیمسن کے دوبارہ پاکستان آنے کے امکانات کم ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے رائلی روسو اور سری لنکا کے کوشل مینڈس کی واپسی کا امکان موجود ہے۔

پانچویں نمبر پر موجود پشاور زلمی کے تین غیرملکی کھلاڑیوں کے پی ایس ایل کے باقی میچوں میں دستیاب ہونے کے امکانات کم ہیں۔ان کھلاڑیوں میں میکس برائنٹ، مچل اووین اور الزاری جوزف شامل ہیں۔

دوسری جانب ٹیم کے لیے حوصلہ افزا خبر یہ ہے کہ لوک وڈ، نجیب اللہ زدران اور ٹام کوہلر کیڈمور کی واپسی کی تصدیق ہو چکی ہے، اور یہ کھلاڑی باقی میچوں میں پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے۔

پشاور زلمی کے لوک وڈ، نجیب اللہ زدران اور ٹام کوہلر کیڈمور کی واپسی کی تصدیق ہو چکی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اب اگر آخر میں بات کریں ملتان سلطانز کی، تو چونکہ یہ ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے، اور نو میچز کھیلنے کے بعد صرف ایک میچ جیت سکی ہے، اس لیے ملتان سلطانز کے زیادہ تر غیرملکی کھلاڑیوں کا ایک میچ کھیلنے کے لیے پاکستان آنے کا امکان نہیں ہے۔

تاہم اب تک پاکستان کرکٹ بورڈ یا ٹیموں نے باضابطہ طور پر غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے یا نہ آنے کے بارے میں میں کوئی اعلان نہیں کیا، جو آئندہ ایک دو روز میں کیا جائے گا۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کا دوبارہ پاکستان آنا مشکل کیوں؟

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی شیڈول کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل 18 مئی کو ہونا تھا، یعنی لیگ میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنے بورڈز سے این او سی اور اپنا شیڈول 18 مئی تک کے لیے ترتیب دیا تھا۔

تاہم پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد پی ایس ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ 

بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے باقی میچوں کے لیے نیا شیڈول جاری کیا، جس کے مطابق 17 سے 25 مئی تک آخری راؤنڈ کھیلا جائے گا۔

اب چوںکہ کئی غیر ملکی کھلاڑی اپنی ٹیموں کے ساتھ کمٹمنٹس کر چکے ہیں، اور پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر بھی بعض کھلاڑیوں کے پاکستان نہ آنے کے امکانات بدستور موجود ہیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.