انڈیا کے ساتھ کشیدگی، بیرون ملک پاکستانی موقف اُجاگر کرنے کی ذمہ داری بلاول بھٹو کے سپرد

image
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ’انڈین پراپیگنڈے اور مزموم سازشوں‘ کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک سفارتی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے سنیچر کی رات کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’وزیرِاعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور انڈین پراپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کے لیے تشکیل کردہ وفد کی قیادت ان کو سونپ دی۔‘

وفد میں ڈاکٹر مصدق ملک، انجینیئر خرم دستگیر، سینیٹر شیری رحمن، حنا ربانی کھر، فیصل سبزواری، تحمینہ جنجوعہ اور جلیل عباس جیلانی شامل ہیں۔

بیان کے مطابق وفد لندن، واشنگٹن، پیرس اور برسلز میں ’انڈیا کے پراپیگنڈے اور خطے کے امن کو تباہ کرنے کی کوششوں‘ کو بے نقاب کرے گا۔ اور پاکستان کی خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے کوششوں کو اجاگر کرے گا۔

خیال رہے کہ انڈیا نے بھی ایک سات رکنی وفد تشکیل دیا ہے جو 23 مئی سے دنیا کے مختلف ممالک میں جائے گا اور انہیں ’آپریشن سندور‘ کے حوالے سے آگاہ کرے گا۔

قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ عالمی سطح پر امن کے لیے پاکستان کا مقدمہ لڑنے کی ذمہ داری کو قبول کرتے ہیں۔

ان کا ایکس پر ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’مجھ سے آج وزیراعظم شہباز شریف نے رابطہ کیا تھا۔ انہوں نے درخواست کی میں بین الاقوامی سطح پر امن کے لیے پاکستان کا مقدمہ پیش کرنے کے لیے ایک وفد کی قیادت کروں۔‘

’مجھے یہ ذمہ داری قبول کرنے اور اس مشکل وقت میں پاکستان کی خدمت کے لیے پرعزم رہنے پر فخر ہے۔ پاکستان زندہ باد۔‘

 


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts