معروف پاکستانی اداکارہ اور ماڈل نادیہ حسین کا حال ہی میں اپنے شوہر سے متعلق
تازہ بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ میرے شوہر پر ابھی صرف الزامات ہیں
جن کا ثابت ہونا باقی ہے، وہ مجرم نہیں ہیں۔
اداکارہ نادیہ حسین نے یہ بیان ایک یوٹیوب چینل کے پوڈکاسٹ میں متعد سوالات کے
دوران دیا، انہوں نے اس موقع پر اپنے شوہر سے متعلق اٹھنے والے حالیہ تنازع پر کھل
کر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا۔
نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں الزامات ثابت ہونے پر ملزم کو مجرم ٹھہرایا
جاتا ہے جبکہ ہمارے ملک میں الزامات لگنے پر ہی ملزم کو مجرم قرار دے دیا جاتا ہے۔
نادیہ حسین کا مزید کہنا تھا کہ ابھی صرف الزامات لگے ہیں جو کہ کوئی بھی آپ پر لگا
سکتا ہے، اور اب یہ معاملہ جج اور عدالت نے دیکھنا ہے مگر یہاں میڈیا اور سوشل
میڈیا صارفین بھی منصف بن کر آپ کو مجرم قرار دے دیتے ہیں۔
انٹرویو کے دوران ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرے شوہر کی ضمانت ہو رہی ہے، بیچ میں
بہت سے مسائل آ گئے تھے جن کی وجہ سے کیس آگے نہیں بڑھ سکا۔
نادیہ حسین نے اس مشکل وقت میں لوگوں کے رویے سے متعلق بھی بتایا کہ ان کے اوپر کچھ
لوگوں کی اصلیت کھل کر سامنے آئی ہے، وہ لوگ دوستوں اور رشتے داروں میں سے نہیں
ہیں بس ان سے پیشہ ورانہ تعلق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں بہت زیادہ اس مسئلے پر ردِ عمل نہیں دے سکتی ہوں مگر یہ
سارا معاملہ تحقیقات کا ہے، تحقیق ہوگی تو انشاء اللّٰہ انصاف بھی ملے گا۔