ہم میں سے ہر شخص کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی فون کو چارج پر لگائے تو 100
فیصد تک چارج ہونے کے بعد ہی اسے چارجنگ سے ہٹائے-
لیکن کیا کبھی آپ نے یہ سوچا ہے کہ ہمارا یہ عمل درست بھی ہے یا نہیں یا پھر ایسا
تو نہیں ہم اس طرح اپنا ہی کوئی بڑا نقصان کر رہے ہیں-
جی ہاں ماہرین کے مطابق روزانہ موبائل فون کی بیٹری کو 100 فیصد تک چارج کرنے سے
بیٹری کی زندگی آہستہ آہستہ کم ہونے لگتی ہے۔
پین اسٹیٹ یونیورسٹی کے الیکٹرو کیمیکل انجن سنٹر کے ڈائریکٹر چاؤ یانگ وانگ کے
مطابق جب کوئی صارف اپنے موبائل کی بیٹری کو روزانہ 100 فیصد تک چارج کرتا ہے تو
بیٹری تیزی سے خراب ہو جاتی ہے۔
دوسری جانب نیو جرسی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر دیباکر دتا
کا بھی یہ ماننا ہے کہ موبائل فون کو 100 فیصد تک چارج پر رکھنے سے بیٹری ہائی
وولٹیج پر رہتی ہے جو کہ نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔
چاؤ یانگ وانگ کا کہنا تھا کہ 90 فیصد کے مقابلے میں مسلسل 100 فیصد چارج کرنے سے
بیٹری کی زندگی 10 سے 15 فیصد کم ہو جاتی ہے۔
بیٹری کے مسائل پیدا ہونے سے پہلے زیادہ تر صارفین ممکنہ طور پر اپنے موبائل فون کو
خراب اسکرین یا پرانے کیمرے کے معیار جیسی وجوہات کی بنا پر اپ گریڈ کرتے ہیں۔
اگرچہ 100 فیصد تک چارج کرنا ٹھیک نہیں لیکن یہ مکمل طور پر گریز کرنے کی چیز بھی
نہیں ہے۔
چاؤ یانگ وانگ مشورہ دیتے ہیں کہ اگر آپ کو سفر کے دوران یا کسی اور وجہ سے اضافی
بیٹری کی ضرورت ہے تو اسے 100 فیصد چارج کرنا ٹھیک ہے لیکن روزانہ اس طرح کرنا درست
نہیں، روزمرہ کے استعمال کیلیے اسے 85 سے 90 فیصد تک چارج کریں۔
جبکہ دیباکر دتا نے خبردار کیا ہے کہ اس کو باقاعدگی سے 0 فیصد تک بھی نہ لے جائیں
بلکہ 20 فیصد ہونے پر ہی اس کو چارج پر لگا دیں کیونکہ یہ عمل بھی بیٹری کی زندگی
کو متاثر کرتا ہے۔