پاک بحریہ ہمارے قومی دفاع کے آرکیٹیکچر میں ہمیشہ ایک مضبوط ستون کے مانند کھڑی رہی ہے: وزیراعظم

image

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلیو اکانومی پاکستان کی اقتصادی بحالی کا اگلا محاذ ہے، یہ معاشی ترقی اور علاقائی رابطہ کاری کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ہمارے قومی دفاع کے آرکیٹیکچر میں ہمیشہ ایک مضبوط ستون کے مانند کھڑی رہی ہے۔ 

اسلام آباد میں انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کی سافٹ لانچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی میری ٹائم ایکسپو کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد خوش آئند ہے، میں وزیر بحری امور جنید چوہدری اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو اس اہم ایونٹ کے انعقاد کو ممکن بنانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ہمارے قومی دفاع کے آرکیٹیکچر میں ہمیشہ ایک مضبوط ستون کے مانند کھڑی رہی ہے، چاہے وہ 1965 کا عظیم دوارکا آپریشن ہو یا حالیہ بھارتی مس ایڈوینچر ہو، پاک بحریہ نے ہمیشہ پروفیشنل ازم کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی امن، علاقائی استحکام، اور عالمی اصولوں کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے، جو ہماری بحری سفارت کاری کی رہنمائی کرتے رہتے ہیں، حال ہی میں منعقد ہونے والی ’ امن’ مشق، جس میں 60 ممالک نے شرکت کی، اس غیر متزلزل عزم کا بھرپور اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلیو اکانومی پاکستان کی اقتصادی بحالی کا اگلا محاذ ہے، عالمی بلیو اکانومی کا حجم کھربوں ڈالر ہے اور اگر پاکستان اس کا ایک جزو بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو یہ اس کی معاشی ترقی اور علاقائی رابطہ کاری کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بلیو اکانومی مواقع کا ایک جھرمٹ ہے، تجارتی بحری جہازرانی سے لے کر ماہی گیری،جہاز سازی اور ری سائیکلنگ سے لے کر قابل تجدید توانائی، ساحلی سیاحت سے لے کر آف شور آبی زراعت تک، ہمیں ان تمام امکانات سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سالانہ فریٹ چارجز تقریباً 7 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، لہٰذا پاکستانی شپنگ کمپنیوں اور غیر ملکی لائنرز کے درمیان صحت مند مقابلہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیرِ بحری امور جنید چوہدری، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ان کی ٹیم اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے گزارش کرتا ہوں کہ مل کر قدم بڑھائیں، کوششوں کو مربوط کریں اور پاکستان کی بحری طاقت کو ایک نئی جہت دیں۔


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.