کراچی کے علاقے لیاری میں گرنے والی عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام مکمل ہوگیا، متاثرہ عمارت پرسرچ اینڈ ریسکیو آپریشن بلا تعطل 50 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔
ملبہ اٹھانے کا کام کرنے والی مشینری اور عملہ جائے حادثہ سے روانہ ہوگئیں ، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف اداروں نے حادثے کے مقام کو کلئیر قرار دے دیا ،پولیس کی نفری تاحال متاثرہ مقام پر موجود ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تاحال علاقہ مکینوں کو جائے حادثہ کے قریب آنے کی اجازت نہیں ہے، افسوسناک واقعے میں عمارت کے رہائشی 27 افراد لقمہ اجل بنے، تمام لاشیں شناخت کے بعد ورثاء کے سپرد کی جا چکی ہیں۔
یاد رہے جمعہ کی صبح لیاری کے علاقے میں مخدوش قرار دی جانے والی رہائشی عمارت منہدم ہوگئی تھی ۔