پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے؟ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا

image

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر سے متعلق درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 2022 کے قانون کے تحت ہوں گے جبکہ حلقہ بندیوں کا عمل 9 اکتوبر سے شروع کیا جائے گا جو دو ماہ میں مکمل ہوگا۔فیصلے کے مطابق حلقہ بندیوں کے بعد انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے گا اور تمام ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے جاری کیاجس میں ممبران نثار درانی، شاہ محمد جتوئی اور بابر حسن بھروانہ شامل تھے۔

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن میں بار بار تاخیر کر رہی ہے حالانکہ بلدیاتی اداروں کی مدت 31 دسمبر 2021 کو ختم ہو چکی ہے۔ گزشتہ تین سال نو ماہ میں الیکشن نہیں کرائے گئے اور اس دوران پنجاب کے بلدیاتی قانون میں پانچ مرتبہ ترمیم کی جا چکی ہے جبکہ چھٹی ترمیم بھی زیرِ غور ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر الیکشن کمیشن سمیت تمام حکومتوں کے لیے باعثِ شرمندگی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی حکومت واقعی بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی تو آئین میں ترمیم کر دے لیکن جب تک قانون موجود ہے الیکشن کمیشن اس پر عمل درآمد کروانے کا پابند ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا طرزِ عمل تاخیری اور آئینی ذمہ داریوں کے منافی ہے لہٰذا اب مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US