عالیہ بھٹ کی پانچ ٹاپ ریٹڈ فلمیں کون سی ہیں؟

image

فلم ’جگرا‘ میں شاندار اداکاری پر فلم فیئر ایوارڈ 2025 جیتنے والی بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ پہلے ہی خود کو انڈسٹری کی باصلاحیت ترین اداکاراؤں میں منوا چکی ہیں۔

وہ اپنی کم عمری میں نہ صرف کامیاب کمرشل فلموں کا حصہ رہیں بلکہ سنجیدہ اور چیلنجنگ کرداروں میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔

ویب سائٹ ’آئی ایم ڈی بی‘ پر موجود درجہ بندی کے مطابق عالیہ بھٹ کی پانچ ایسی فلمیں سامنے آئی ہیں جنہیں ناظرین کی طرف سے سب سے زیادہ سراہا گیا ہے۔

آئیے ان فلموں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

’گلی بوائے‘

زویا اختر کی ہدایت کاری میں سنہ 2019 میں بننے والی اس فلم میں عالیہ بھٹ نے رنویر سنگھ کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا۔

فلم کی کہانی دھاراوی کے ایک نوجوان ریپر مراد کے گرد گھومتی ہے جو غربت اور سماجی رکاوٹوں کے باوجود اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی جدوجہد کرتا ہے۔

عالیہ نے اس فلم میں ایک بے باک مگر محبت کرنے والی لڑکی ’صفینا‘ کا کردار بخوبی ادا کیا۔ ’آئی ایم ڈی بی‘ پر اس فلم کی ریٹنگ 7.9 ہے۔

’آر آر آر‘

ایس ایس راج مولی کی اس میگا بجٹ فلم میں عالیہ بھٹ کی موجودگی مختصر مگر اہم ہے۔

فلم سنہ 1920 کی دہائی میں دو انقلابیوں کی کہانی بیان کرتی ہے جو برطانوی راج کے خلاف بغاوت کرتے ہیں۔

عالیہ نے اس فلم میں رام چرن کی محبوبہ ’سیتا‘ کا کردار نبھایا ہے۔ ’آئی ایم ڈی بی‘ پر اس فلم کی ریٹنگ 7.8 ہے۔

’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘

سنہ 2022 میں سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم عالیہ بھٹ کی اب تک کی کیریئر بیسٹ پرفارمنس میں سے ایک مانی جاتی ہے۔

فلم ایک کم عمر لڑکی ’گنگا‘ کی کہانی ہے جو حالات کے ہاتھوں کماٹھی پورہ کے قحبہ خانے میں بیچ دی جاتی ہے مگر بعد میں گنگوبائی بن کر نہ صرف اپنی تقدیر بدلتی ہے بلکہ سیکس ورکرز کے حقوق کی جنگ بھی لڑتی ہے۔

’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ کی ’آئی ایم ڈی بی‘ پر ریٹنگ 7.8 ہے۔

’اُڑتا پنجاب‘

اداکاری کے میدان میں عالیہ بھٹ کے ہنر کا ایک اور واضح ثبوت ’اُڑتا پنجاب‘ ہے۔

اس فلم کی کہانی پنجاب میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر مبنی ہے۔

فلم میں عالیہ نے ایک ایسی مہاجر لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو حالات کے ہاتھوں بری طرح پس کر نشے اور تشدد کا شکار بنتی ہے۔

فلم میں شاہد کپور، دلجیت دوسانجھ اور کرینہ کپور بھی اہم کرداروں میں ہیں۔

’آئی ایم ڈی بی‘ پر اس فلم کی ریٹنگ 7.7 ہے۔

’کپور اینڈ سنز‘

خاندانی رشتوں کے مسائل پر مبنی یہ فلم ایک نارمل مگر الجھے ہوئے گھرانے کی کہانی بیان کرتی ہے۔

عالیہ بھٹ اس فلم میں سدھارتھ ملہوترا اور فواد خان کے ساتھ نظر آئیں اور فلم میں ان کا کردار کہانی کو خوبصورتی سے آگے بڑھاتا ہے۔

’آئی ایم ڈی بی‘ پر اس فلم کی ریٹنگ بھی 7.7 ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US