شکارپور: بنیادی صحت مرکز انتظامیہ نے لاکھوں مالیت کی ادویہ کیوں جلادی؟ شہری برہم

image

شکارپور میں گاھیجا بنیادی صحت مرکز میں لاکھوں روپے کی قابلِ استعمال سرکاری ادویہ جلانے پر عوام میں اشتعال پھیل گیا۔

یونین کونسل گاھیجا میں قائم بنیادی صحت مرکز میں جلائی گئی لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویہ میں کھانسی، بخار، ملیریا، پیٹ درد اور دیگر امراض کی دوائیں شامل تھیں۔ قابلِ استعمال ادویہ جلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

مذکورہ ادویات سرکاری اسٹاک سے مریضوں کے لیے فراہم کی گئی تھیں۔ بنیادی صحت مرکز انتظامیہ نے مذکورہ ادویہ کو ایکسپائر قرار دے کر جلایا۔

ذرائع کے مطابق ان ادویہ پر درج ایکسپائری ڈیٹ 2026 لکھی ہوئی تھی اور ادویہ مکمل طور پر قابلِ استعمال تھی۔

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ اسٹاک میں گڑ بڑ چھپانے کے لیے انہیں ضائع کیا گیا، اگر یہی دوائیں مستحق مریضوں کو فراہم کی جاتیں تو درجنوں غریب خاندان مستفید ہوسکتے تھے۔

شہریوں نے مزید کہا کہ یہ عمل نہ صرف سرکاری وسائل کا ضیاع ہے، انہوں نے ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی اور ضائع کی گئی ادویہ کی مالیت کا سرکاری تخمینہ لگانے، ڈسپنسری کے ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US