شیری رحمان اور یورپی وفد کی ملاقات: ترقی، تجارت اور موسمیاتی تعاون پر گفتگو

image

اسلام آباد میں سینیٹر شیری رحمان سے یورپی یونین کی پارلیمانی کمیٹی برائے ترقی کے وفد نے ملاقات کی جس میں عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پارلیمانی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفد کی قیادت یورپی رکن پارلیمنٹ لوکاس مینڈل نے کی جبکہ نائب چیئرمین رابرٹ بیڈرون اور دیگر ارکان بھی شریک تھے۔

شیری رحمان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی تعاون، تجارت، انسانی بحران، عوامی صحت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں مشترکہ کاوشیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ تجارت 12 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے جہاں پاکستان کی برآمدات 9 ارب ڈالر پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے جی ایس پی پلس پروگرام کی توسیع کو پاکستان کی معیشت کے لیے فیصلہ کن قرار دیا۔

ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ شیری رحمان نے بتایا کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ رکھتا ہے تاہم موسمیاتی تباہ کاریوں کا سب سے زیادہ سامنا کر رہا ہے۔

انہوں نے 2022ء کے سیلاب کی تباہ کاریوں اور معاشی نقصانات کا ذکر کیا۔وفد کے سربراہ لوکاس مینڈل نے پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کے تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانوں کے درمیان براہ راست رابطے باہمی تعاون کو مضبوط بناتے ہیں۔ جبکہ نائب چیئرمین رابرٹ بیڈرون نے ماحولیات اور آبی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

خواتین کی معاشی مضبوطی پر گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ایک کامیاب فلاحی مثال قرار دیا۔

دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی، معاشی استحکام اور انسانی ترقی کے چیلنجز کے حل کے لیے باہمی پارلیمانی تعاون مزید بڑھایا جائے گا ساتھ ہی ترقیاتی تعاون اور اقتصادی روابط کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US