نوشہرہ ورکاں محلہ چاند کالونی میں نوجوان شادی کے تیسرے روز قتل کر دیا گیا، نوشہرہ ورکاں کے محلہ چاند کالونی میں محمد شعیب نامی نوجوان کو گھر کے دروازے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح دو ملزمان نے گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر شعیب کو بلایا اور فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔ مقتول کی دو روز قبل شیخوپورہ میں شادی ہوئی تھی اور وہ دو ہفتے قبل ہی سعودی عرب سے شادی کیلیے گھر نوشہرہ ورکاں آیا تھا۔
نوشہرہ ورکاں پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی ہے۔ سب انسپکٹر طاھر سجاد نے نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر شواہد لیے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایس پی صدر گوجرانوالہ اور ڈی ایس پی سرکل محمد عمران بیگ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور ورثا کو ملزمان کا سراغ لگا کر جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی۔