نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی نہ صرف اپنی تاریخی کامیابی کی وجہ سے خبروں میں ہیں بلکہ اب ان کی شخصیت نے پاکستانی سوشل میڈیا پر بھی ایک نیا موضوع چھیڑ دیا ہے۔ صارفین کے مطابق ظہران ممدانی حیران کن طور پر پاکستانی اداکار جنید خان اور ارسلان نصیر سے مشابہت رکھتے ہیں، جس کے بعد ان تینوں کے چہرے ایک ساتھ شیئر کیے جا رہے ہیں۔
ظہران ممدانی نے ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار کے طور پر الیکشن جیت کر نیویارک کے پہلے مسلمان اور کم عمر ترین میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انتخابی فتح کے بعد ان کی تصاویر اور تقاریر عالمی میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، اور اسی دوران پاکستانی صارفین نے ان کی شکل میں اپنے پسندیدہ اداکاروں کی جھلک دیکھی۔
سوشل میڈیا پر کئی پوسٹس میں ظہران ممدانی کو جنید خان کی “کاپی” کہا گیا، جس پر جنید خان نے بھی دلچسپ ردعمل دیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر وائرل تبصرے کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ شاید اب نیویارک میں انہیں وی آئی پی پروٹوکول مل جائے۔
اداکار ارسلان نصیر بھی پیچھے نہیں رہے۔ انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں ظہران ممدانی سے اپنی مشابہت پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "ہاں، یہ میرا کزن ہے۔" ساتھ ہی ہنستے ہوئے لکھا، "پاکستان کو مبارک ہو، ہمارا دور کا رشتہ دار اب نیویارک کا میئر بن گیا ہے۔"
یہ دلچسپ موازنہ اگرچہ مذاق کے انداز میں کیا گیا، مگر اس نے یہ ظاہر کر دیا کہ ظہران ممدانی کی کامیابی نہ صرف امریکا بلکہ پاکستان میں بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔