کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے تحت کے-فور واٹر سپلائی پروجیکٹ کے سلسلے میں یونیورسٹی روڈ پر 83 انچ قطر کی لائن بچھانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جس کے باعث ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان ایس ایس پی ٹریفک ڈسٹرکٹ ایسٹ کراچی کے مطابق جو ٹریفک سر سید یونیورسٹی کی سمت سے سوک سینٹر جا رہی ہے، اسے بشر احمد غازی آباد روڈ سے اردو یونیورسٹی کے عقب کی جانب ڈائیورٹ کیا گیا ہے جہاں سے یہ راستہ گھوم کر دوبارہ مین یونیورسٹی روڈ پر نیشنل بینک کے قریب واپس آ جائے گا۔
ابتدائی مرحلے میں نیپا فلائی اوور سے جانب سوک سینٹر جانے والا روڈ کھلا رہے گا تاہم جیسے ہی پائپ لائن کراسنگ مکمل ہوگی نیپا سے آنے والی تمام ٹریفک بھی ڈائیورٹ کر دی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق دوسرے فیز میں یہی پائپ لائن سوک سینٹر سے نیپا کی سمت آنے والے روڈ پر منتقل کی جائے گی جس کے بعد نیپا سے سوک سینٹر جانے والی ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔
ترقیاتی کام کے دوران ٹریفک پولیس کے اہلکار موقع پر موجود رہیں گے تاکہ شہریوں کو رہنمائی فراہم کی جا سکے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ زحمت اور تاخیر سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں اور رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔