مصنوعی ذہانت کا سونامی دفتری ملازمتوں کو ختم کردے گا، ایلون مسک

image

ایلون مسک نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) آنے والے برسوں میں دفتری ملازمتوں کا خاتمہ کر دے گی جس طرح ماضی میں کمپیوٹر کے دور نے دستی حساب کتاب کرنے والے کارکنوں کو غیر ضروری بنا دیا تھا۔

کامیڈی پوڈکاسٹ جو روگن ایکسپیرینس پر گفتگو کرتے ہوئے "ایکس" کے سی ای او ایلون مسک نے کہا کہ مصنوعی ذہانت ایک سپرسونک سونامی ہے، جو ڈیجیٹل نوعیت کی ملازمتوں کو تیزی سے ختم کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی پہلے ہی کمپیوٹر پر مبنی دفتری کاموں کو خودکار نظاموں سے بدل رہی ہے، اور اس عمل میں تیزی آتی جا رہی ہے۔

مسک کے مطابق اگرچہ تمام ملازمتیں فوراً ختم نہیں ہوں گی تاہم وہ پیشے جو جسمانی محنت یا انسانی تعامل پر مبنی ہیں، جیسے کھانا پکانا، زراعت یا تعمیراتی کام، طویل عرصے تک برقرار رہیں گے۔

ایلون مسک نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی کے طویل مدتی اثرات مثبت بھی ہو سکتے ہیں بشرطیکہ یہ فلم ٹرمینیٹر جیسا منظر نامہ پیدا نہ کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دولت تقریباً ہر فرد کی پہنچ میں ہوگی اور عالمی آمدنی کی سطح بلند ہوگی۔

مسک کے مطابق ایک متوازن منظر نامے میں ایسا وقت بھی آ سکتا ہے جب کام کرنا انسانوں کے لیے اختیاری ہو جائے کیونکہ روبوٹس اور اے آئی زیادہ تر ذمہ داریاں سنبھال لیں گے اور اس نظام میں یونیورسل بیسک انکم یعنی سب کے لیے بنیادی آمدنی کا تصور حقیقت بن سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US