ستائیسویں آئینی ترمیم سینیٹ سے منظور، اپوزیشن کا شدید احتجاج

image

اسلام آباد میں سینیٹ اجلاس کے دوران 27 ویں آئینی ترمیم بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی۔ ترمیم کے حق میں حکومتی اراکین کے ساتھ ساتھ سینیٹر سیف اللہ ابرو اور جے یو آئی کے سینیٹر احمد خان نے بھی ووٹ دیا۔

اپوزیشن ارکان نے ترمیم کی منظوری کے وقت شدید احتجاج کیا، نعرے بازی کی اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب سارجنٹ ایٹ آرمز کو مداخلت کرنا پڑی اور وہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے سامنے حفاظتی حصار بن کر کھڑے ہوگئے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ "یہ ترمیم ملکی اداروں کے استحکام اور آئینی تسلسل کے لیے ناگزیر ہے، ہمیں تمام سیاسی قوتوں کا تعاون حاصل ہے"۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ احمل ولی خان اور انوارالحق کاکڑ نے بھی حکومت کے مؤقف کی تائید کی اور ترمیم کی حمایت کا یقین دلایا۔

ذرائع کے مطابق ترمیم سے متعلق مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تمام جماعتوں نے اپنی تجاویز پیش کیں، جنہیں حتمی مسودے میں شامل کر کے منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔

ترمیم کی منظوری کے بعد ایوان میں حکومتی بینچوں کی جانب سے ڈیسک بجا کر خوشی کا اظہار کیا گیا جبکہ اپوزیشن نے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US