حویلیاں میں مسافر بس کو المناک حادثہ، 8 افراد جان کی بازی ہار گئے، 27 زخمی

image

ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں میں ایک مسافر بس کا سفر اچانک بڑے سانحے میں بدل گیا۔ گلگت سے راولپنڈی جانے والی بس حویلیاں انٹرچینج کے قریب ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 8 مسافر جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق بس کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس سے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس سامنے موجود ڈمپر سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور متاثرہ مسافروں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

امدادی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال اور ایوب میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا، جہاں انہیں علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض مسافروں کی حالت نازک ہونے کے باعث مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ حادثے میں زندگی کی بازی ہارنے والے تمام افراد گلگت کے رہائشی تھے۔ حادثے کی وجہ بس کا ٹائر پھٹنا بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کے مکمل حالات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US