لقمان حکیم؛انسان کامل (۱۳)

غضب وغصہ
بیٹا !جس کو تم نے اپنے عمل سے غیض و غضب میں مبتلا کیا ہے ،اس کے گھر میں کیسے رہوگے ؟جس کی تم نے نافرمانی کی ہے ،اس کے پڑو س میں کیسے رہوگے ؟(اختصاص شیخ مفید صفحہ ؍ ۳۳۶)
بیٹا !غیض و غضب سے بچو ۔اس لئے کہ شدت غضب دانا کے دل کو مردہ بنادیتی ہے ۔(قصص القرآن ،تالیف محمد حفظ الرحمان ،جلد ۳اور۴ صفحہ ۴۸طبع دارالاشاعت اردو بازار ،ایم اے جناح روڈ ،کراچی پاکستان)
بیٹا !غصہ میں بھی سنجیدہ بات کرو ۔(تفسیر جلالین :علامہ جلال الدین محلی و علامہ جلال الدین سیوطی ،جلد ۵ صفحہ ؍۷۰مکتبہ ،دارالاشاعت اردو بازار ایم اے جناح روڈ ،کراچی ،پاکستان )
غورو فکر
بیٹا !آسمان و زمین ،پہاڑ اور جو کچھ بھی خدا نے پیدا کیاہے اس میں بہت زیادہ غوروفکر کرو ۔اس لئے کہ جہان ہستی میں تفکر اور تدبر کرنا بہترین نصیحت دینے اور تمہارے دل کوبیدار کرنے والاہے ۔(اختصاص شیخ مفید صفحہ ۱۵۲)
غربت و فقیری
بیٹا !میں نے صبر (ایلویعنی ایک قسم کی کڑوی گھاس یا جڑی بوٹی ہے )کا مز ہ چکھا ہے اور اس کے درخت کی چھال کو بھی کھایاہے ۔لیکن فقیری سے زیادہ کسی بھی چیز کو کڑوا نہیں پایا۔لہٰذا ! اگر تم کبھی فقیری میں مبتلاہوجاؤ تو ہرگز لوگوں کے سامنے اس کااظہار نہ کرو۔کیونکہ ایسی صورت میں لوگ تم کو حقیر سمجھیں گے اور تمہیں کوئی فائدہ بھی نہیں پہونچائیں گے ۔(کافی صفحہ ؍ ۲۲)
بیٹا !فقیر ی کی حالت میں تو اس ہستی کی طرف متوجہ ہوجا جس نے تجھے فقیری میں مبتلاکیاہے اور تجھے محل آزمائش قرار دیا ہے ۔تو اسی سے مدد مانگ اس لئے کہ وہ اس بات پر قادر ہے کہ تیرے کام میں کشادگی پیدا کردے ۔(حقوق والدین اور ہدایات اہل بیت صفحہ ؍ ۲۱۱ ناشر :تنظیم المکاتب ،لکھنو ،انڈیا )
گالی گلوج
بیٹا !لوگوں کو گالی نہ دو ورنہ تم اپنے ماں باپ کے گالی دینے کا سبب قرار پاؤگے ۔(اختصاص شیخ مفید صفحہ ؍ ۳۳۶)
موت
بیٹا !ابن آدم کیسے سوجاتا ہے حالانکہ موت اسے تلاش کررہی ہے ۔انسان کس طرح سے غافل ہوجاتاہے حالانکہ اس سے غفلت نہیں برجاتی ۔(اختصاص شیخ مفید صفحہ ؍۳۳۴)
بیٹا !جس طرح تم سوتے ہو اسی طرح مروگے اور جس طرح تم بیدا رہوتے ہو اسی طرح روز قیامت زندہ ہوگے ۔(مجموعہ ورام صفحہ ؍ ۵۷)
بیٹا !اگر موت کے بارے میں شک رکھتے ہو تو نیند کواپنے سے دور کردو ۔حالانکہ اس کام پر تم قادر نہیں ہو ۔اگر قیامت کے سلسلے میں شک کرتے ہو تو خواب سے بیدار ہونے کو روک لو حالانکہ تم اس پر بھی قادر نہیں ہو۔اگر ان مسائل کے بارے میں غوروفکر کروگے تو جان لو گے کہ تمہاری جان دوسرے قبضہ میں ہے ۔اس طرح تمہاری نیندموت کے برابراور خواب کے بعد بیدار ہونا،موت کے بعد زندہ ہونے کے برابر ہوگی ۔(بحارالانوار جلد ۱۳صفحہ ۴۱۷)
مشورہ
بیٹا !اگر تم سے کوئی مشورہ چاہے تو صحیح اور صائب نظریہ حاصل کرنے کی کوشش کرو۔اچھی طرح غور فکر اورسوچ کے بغیر جواب نہ دو ۔اپنی ساری قوتوں کو مشورہ کے جواب کے لئے استعمال کرو۔کیونکہ جو شخص طالب مشورہ کواپنے خالص ترین نظریہ سے نہ نوازے ،سوچ بچار کی نعمت اس سے چھین لی جاتی ہے ۔(تفسیر نمونہ زیر نظر آیۃ․․․ناصر مکارم شیرازی جلد ۹صفحہ ۴۲۳ناشر مصباح القرآن ٹرسٹ)
مہمان
بیٹا !مہمان سے کام نہ لو ۔(تفسیر جلالین :علامہ جلال الدین محلی و علامہ جلال الدین سیوطی ،جلد ۵ صفحہ ؍۷۰مکتبہ ،دارالاشاعت اردو بازار ایم اے جناح روڈ ،کراچی ،پاکستان )
بیٹا !مہمان کے سامنے کسی پر غصہ مت کرو۔(تفسیر جلالین :علامہ جلال الدین محلی و علامہ جلال الدین سیوطی ،جلد ۵ صفحہ ؍۷۰مکتبہ ،دارالاشاعت اردو بازار ایم اے جناح روڈ ،کراچی ،پاکستان )