انتخابات کے دن پر کیا جانے والا عزم مصمم

کل پاکستان میں عام انتخابات کا دن ہے، الیکشن کے دن کے حوالے سے تمام ہم وطنوں کو ان چند سطور پر مبنی ارادوں کو اپنا مقصد بنانا چاہیے تاکہ ہم لوگ کسی بھی طرح کے انتشار اور بد امنی کا باعث نا بنیں ۔

کل انتخابی مُہم کا آخری دن تھا.

سیاسی کارکنان کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا users اور activists کو بھی اپنا مُدعا بیان کرنے کے لیے بھرپور آزادی اور اپنے اپنے نظریے کے پیروکاروں کی جانب سے بھرپُور سپورٹ میسر رہی.

اب آج الیکشن سے قبل اپنی اپنی تیاری کا آخری دن ہے اور اس دن پر میں عزم کرتا ہُوں کہ

* جیسے میں اپنی تمام تر لفاظی اپنی مرضی سے کُھلے بندوں استعمال کرتا رہا ہُوں اسی طرح میں اپنا ووٹ اپنی مرضی سے کاسٹ کرتے ہُوئے تمام پاکستانیوں کے اس حق کو مکمل سپورٹ کروں گا.

* میں قطعی طور پر ایسے واقعات کا حصہ نہیں بنوں گا جنکا نتیجہ باہمی انتشار اور انارکی کی صورت میں نکل سکے.

* میں ہر صُورت اپنے نظریے کے مُخالفین پر دشنام طرازی, افترا پردازی اور غیر اخلاقی حملوں سے گُریز کروں گا بلکہ اگر کوئی میرے ساتھ ایسا کرے گا تو میں اُسے شائستگی اور محبت سے سمجھانے کی کوشش کروں گا یا پھر جواب ہی نہیں دُوں گا.

* میں انفرادی حیثیت میں ہر پاکستانی کو پاکستان کا وارث اور مالک سمجھتے ہوئے اُسکے انتخابی نشان اور منشُور کی عزت کروں گا.

* میں کوئی بھی ایسا نعرہ نہیں لگاؤں گا جس سے میرے کسی پاکستانی بھائی کی دل آزاری ہو یا جس سے کسی دُوسرے کے سیاسی رُجحان پہ حرف آتا ہو.

* میں پاکستانی افواج , پولیس, محکمہ تعلیم اور دیگر سرکاری اداروں کے فرض شناس نوجوانوں اور ملازمین کے ساتھ انتخابی عمل کو شفاف اور موثر بنانے کے لیے اپنا بھرپُور کردار ادا کرُوں گا اور کسی بھی صُورت میں قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش نہیں کرُوں گا.

* میں اپنے آس پاس موجود وہ تمام افراد جو انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنتے, چاہے اُن کے لیے شیر, بلّا, کتاب, تِیر, کُرسی, کرین سمیت کوئی بھی انتخابی نشان پُر کشش ہو, ان سب کو پُوری تلقین کرُوں گا کہ وہ اپنے پسندیدہ اُمیدوار کو ووٹ کاسٹ کر کے اپنا قومی فریضہ ضرور بالضرور ادا کریں.

* میں ووٹ کاسٹ کرنے سے قبل, ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اور انتخابی نتائج announce ہونے کے بعد کسی کی تضحیک, تمسخر اور تذلیل کی کوشش نہیں کروں گا نا ہی ایسی کسی کوشش کا حصہ بنوں گا.

* مجھے یقین ہے کہ تمام پاکستانی میری ہی طرح اس وطن سے بے پناہ محبت و عقیدت کے جذبات رکھتے ہیں لہذا میں کسی کی حُبّ الوطنی اور مُلک سے وفاداری کو مُتنازعہ بنانے کی کوشش نہیں کرُوں گا.

* حتی کہ اگر موقع ملا تو میں اپنی من پسند جماعت کے علاوہ دیگر جماعتوں سے منسوب ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن تک بخوشی لیکر جاؤں گا (یہ الگ بات ہے کہ اپنے حلقے کے ضمنی الیکشن میں مُدثر کو ساتھ لیکر جاتے ہوئے میں نے convince کر لیا تھا اور وہ میری مرضی سے ووٹ ڈال آیا تھا, جنہیں میں لفٹ دُوں وہ اپنے ووٹ کی حفاظت خُود کریں 😋 )

* انتخابی عمل کے مکمل ہونے کے بعد ہر طرح کے حتمی اور سرکاری نتائج کو من و عن تسلیم کرتے ہوئے نئی آنے والی جمہوری حکومت کو خوش آمدید کہوں گا کیونکہ میرا وطن اب ان گزشتہ معاملات کا متحمل نہیں ہے کہ ایک بار پھر پوری عوام کو ایک نئے مسئلے میں ملوث کردیا جائے۔

* میں سینکڑوں اُمیدواروں کی خاطر ہزاروں دوستوں, رشتے داروں اور کروڑوں پاکستانیوں سے اپنے تعلقات قطعا خراب نہیں کرُوں گا.

کیا آپ بھی ایسا کوئی ارادہ رکھتے ہیں؟

یقینا رکھتے ہونگے۔ انشاء اللہ ۔

اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو 💝

Sufi Nouman Riaz
About the Author: Sufi Nouman Riaz Read More Articles by Sufi Nouman Riaz: 16 Articles with 11465 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.