انتخابی نتائیج نہ ماننے کی روایت دفن ہوجانی چاہئے

گوجرانوالہ میں پر امن اور آزادانہ طور پر پولنگ کا عمل مکمل ہوا، کوئٹہ میں ہونے والے افسوسناک خودکش حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے علاوہ ملک میں مجموعی طور پر الیکشن پر امن ماحول میں مکمل ہوا ، پولنگ سٹیشنوں پر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں ، عام شہریوں نے مثالی ڈسپلن کا مظاہرہ کیا ، پاک فوج کے افسران و جوان ، پولیس اور پولنگ کے عملے نے انتہائی جانفشانی اور فرض شناسی کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ، پولنگ کے اس عمل کو راقم نے شہر کے کئی پولنگ سٹیشنوں کا وزٹ کر کے اپنی آنکھوں سے دیکھا، اس دوران ووٹرز سے براہ راست گفتگو کی جو پولنگ کے عمل پر مجموعی طور پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے رہے ، ماسوائے اس کے کہ ووٹرز کو پولنگ کے عمل میں سستی کی شکایت کی جاتی رہی ، اطمینان بخش امر یہ ہے کہ الیکشن کے بارے میں جن خدشات اور شکوک و شبہات کا اظہار تسلسل کے ساتھ کیا جا رہاتھا اسکی کوئی ہلکی سی بھی جھلک پولنگ کے عمل کے دوران دیکھی ، سنی یا محسوس نہیں کی جا سکی ، تمام پولنگ کا عمل انتہائی شفاف انداز میں جاری رہا اور گوجرانوالہ کے شہری اپنا حق رائے دہی آزادانہ طور پر استعمال کرتے ہوئے دیکھے گئے ، پولنگ کے عمل کی سب سے اہم اور اطمینان بخش بات یہ تھی کہ گوجرانوالہ کی خواتین شدید بارش کے باوجود بڑی تعداد میں پولنگ سٹیشنوں پر پہنچتی رہیں اورآٹھ بجتے ہی ووٹرز میں قابل لحاظ تعداد خواتین کی بھی نظر آنا شروع ہو گئی تھی ، بارش سے متاثرہ پولنگ کے عمل میں سستی کاعنصر بھی نمایاں رہا جسے پولنگ کے عملے نے آخری ایک گھنٹے میں تیزی کے ساتھ ووٹ بھگتا کر کافی بہتر کر دیا اور پولنگ سٹیشنوں پر مقررہ وقت تک پہنچ جانے والے افراد اپنے ووٹ کاسٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے ، گوجرانوالہ میں جھگڑے کا ایک آدھ معمولی واقعہ ہوا مجموعی طور پر انتہائی پر امن انداز میں پولنگ کا عمل اپنے انجام کو پہنچا ، اس دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان ،پاک فوج کے افسران و جوان ، پولنگ کاعملہ اس پر امن اور آزادانہ الیکشن کے انعقاد پر مبارکباد کامستحق ہے ، ملک بھر سے بھی اسی قسم کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پاکستانی شہریوں نے آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے ، ان حالات میں سیاسی جماعتوں کے قائدین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ قوم کو ہیجان ، بے چینی اور اضطراب میں مبتلا کرنے سے گریز کریں اور الیکشن کے نتائیج انکے حق میں ہوں یا خلاف انہیں کھلے دل کے ساتھ تسلیم کریں ، پاکستان مزید انتشار اور فساد کا متحمل نہیں ہو سکتا ملک سے محبت کا تقاضا ہے کہ الیکشن کے بعد نفرتوں کو ختم کرنے کی مہم چلائی جائے اور عوام کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے مزید تقسیم کرنے سے گریز کیا جائے ۔

Faisal Farooq Sagar
About the Author: Faisal Farooq Sagar Read More Articles by Faisal Farooq Sagar: 107 Articles with 67128 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.