پاکستانی’ مولا جٹ‘ پھر آگیا ، بالی ووڈ بھی تعریف میں پیش پیش

’مولے نوں مولا نہ مارے تے مولا مردا نئیں ۔۔‘یہ ڈائیلاگ 70 کے عشرے میں بننے والی پاکستان کی کلاسک پنجابی فلم ’مولا جٹ‘ کا ہے ۔۔۔ اور آج 48 سال بعد اسے ایک مرتبہ پھر ٹوئیٹر پر ’جگمگانے‘ کا موقع ملا ہے۔
 

image


یہ موقع فراہم کرنے والی شخصیت فواد خان کی ہے جنہوں نے اس ڈائیلاگ میں پھر سے جان ڈالتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنی نئی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ٹریلر ریلیز کئے جانے کی اطلاع دی ہے۔
 


اس ڈائیلاگ کا کرشمہ کہئے یا مولا جٹ کی ’دہشت ‘یا پھر فواد خان اور ماہرہ خان کا اسکرین رومینس کہ ٹریلر ریلیز ہوتے ہی ٹوئٹر پر’ٹاپ ٹرینڈ‘ بن گیا۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا ٹریلر دیکھیں تو یقین نہیں آتا کہ یہ کسی پاکستانی فلم کا ٹریلر ہے۔فلم کی سینما ٹوگرافی ،لائٹنگ اور دیگر ٹیکینکل چیزیں اتنی کمال کی ہیں کہ یقین ہی نہیں آتا کہ یہ کسی پاکستانی فلم کا ٹریلر ہے ۔

پرانی’ مولا جٹ‘ میں سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی ایک دوسرے کے جانی دشمن تھے تو’لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں دو چاکلیٹی ہیرو فواد خان اور حمزہ علی عباسی بالکل ہٹ کر رف اینڈ ٹف انداز میں ایک دوسرے کے مدمقابل نظر آئے ہیں۔

بالی وڈ اسٹارز نے بھی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ کے ٹریلر کی کھل کر تعریف کی ہے۔
 


میگا فلم میکر کرن جوہر نے ٹوئٹر پر نہ صرف فواد خان کو مبارکباد دی اور ان کے لکس کی تعریف کی بلکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے یقین ہے فلم بہت کامیاب ہوگی۔‘
 


سدھارتھ ملہوترا نے ٹوئٹ کیا ہے ’ کیا بات ہے میرے دوست ۔ خوبصورت ٹیزر اور کاسٹ ہے۔ میں ہمیشہ سے ماہرہ خان کا فین ہوں۔ فلم دیکھنے کے لئے بے تاب ہوں۔

انو راگ کشیپ نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’مولا جٹ‘ کی واپسی ۔۔ اس بار فواد خان کی واپسی ہے۔

بالی وڈ ٹریڈ تجزیہ کارترون آدرش نے کہا کہ ’ جون 2019 میں عید الفطر کے موقع پر فواد خان اور سلمان خان کا مقابلہ ہوگا۔‘

لیکن ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی جہاں اتنی تعریفیں ہو رہی ہیں وہیں بہت سے لوگ مختلف رائے بھی رکھتے ہیں۔

مولا جٹ کے ٹریلر پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک خاتون شازیہ نے وائس آف امریکہ سے بات چیت میں کہا کہ’ اس میں شک نہیں کہ فلم ٹیکنیکل طور پر بین الاقوامی معیار کی لگ رہی ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘کا ٹریلر دیکھ کر ایسا لگا جیسے گیم آف تھرونز، گلیڈی ایٹرز یا پھر پدماوت کے مناظر کی مکس پلیٹ ہے۔‘

ایک اور خاتون سمیرا کا کہنا تھا کہ مولا جٹ کا ٹریلر دیکھ کر لگا جیسے ہالی وڈ فلم میں اردو اداکار ہوں۔ پنجابی کی مولا جٹ کا تو اس میں دور دور تک کوئی شائبہ نہیں۔ مولا جٹ پاکستانی پس منظر میں کم اور رومن دور کی عکاس فلم زیادہ دکھائی دیتی ہے۔

بلال لاشاری کی بنائی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 19 جون کو عید کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ پہلی پاکستانی فلم ہے جو پاکستان اور چین میں بیک وقت ریلیز کی جائے گی ۔

فلم کی کاسٹ میں فوادخان،ماہرہ خان کے علاوہ حمز ہ علی عباسی، حمائمہ ملک، شفقت چیمہ،نئیر اعجاز اور دیگر شامل ہیں۔


Partner Content: VOA

YOU MAY ALSO LIKE:

The Legend of Maula Jatt is an upcoming Pakistani action drama film directed and written by Bilal Lashari and produced by Ammara Hikmat and Asad Jamil Khan under production banner of Encyclomedia and Lashari Films. It stars Fawad Khan and Hamza Ali Abbasi in lead roles along with Mahira Khan and Humaima Malik.