پہلے انہوں نے الّو بنایا اب یہ الّو بنا رہے ہیں

میری قوم کے تین نوجوان اپنی جان سے گزر گئے۔ ایک سفّاک قاتل نے دو نوجوانوں کو اور قاتلوں کے ایک اور گروہ نے ایک اور نوجوان کو کچل کر ہلاک کردیا۔

نواز لیگ نے ریمنڈ ڈیوس کو گرفتارکرنے کے بعد بڑے بڑے دعوے کرنے شروع کردئیے اور ایسا لگا کہ بہت عرصے بعد کوئی پاکستانی خود مختاری اور عزت کی بحالی کے لئے اٹھ کھڑا ہوا ہے۔

پیپلز پارٹی نے تو شروع ہی سے اپنے ارادے ظاہر کر دئیے تھے مگر نواز لیگ کے نعرے اس کے گلے میں ہڈی بن گئے۔ پھر میڈیا کی چیخ و پکار اور مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے سبب بھی پیپلز پارٹی "بیک فٹ" پر آنے پر مجبور ہو گئی۔ حتٰی کہ اس صورتحال سے گلو خلاصی کے لئے معاملے کو عدالت کے حوالے کر دیا تاکہ اس آفت سے رہائی کی تدبیر کی جا سکے ۔

اس تمام کھیل میں پیپلز پارٹی کا کردار تو عیاں تھا ہی مگر نواز لیگ کے کردار پر بھی بڑا سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔

پنجاب پولیس جس کے ذمّے اس کیس کی تفتیش تھی اس نے ملزم پر دہشت گردی، جاسوسی اور دوسری متعلقہ دفعات کیوں نہیں لگائیں؟ کیوں اس پر کمزور کیس بنایا گیا جس کے باعث ملزم کی رہائی اس قدر آسان ہو سکی؟

جب ایک ہفتے سے دیت کے حل پر غور ہو رہا تھا اورمقتولین کے لواحقین اپنی کمزور مالی حیثیت کے باوجود اچانک عمرہ کرنے چلے گئے تو پنجاب حکومت اور تفتیشی اداروں کے کان کیوں نہ کھڑے ہوئے اور کیوں انہوں نے قوم سے یہ بات چھپائی؟

سعودیوں کے نواز شریف سے قریبی تعلقات اور آصف زرداری سے سرد مہری سے دنیا واقف ہے۔ ان حالات میں کوئی حل جس میں سعودی اثر شامل ہو، نواز شریف کی معاونت کے بغیر قابل عمل ہو سکتا ہے؟

رانا ثناءاللہ نے کیونکر ملزم کی رہائی تمام معاملات اپنی نگرانی میں طے کرائے اور قوم کو ملزم کی جیل سے روانگی سے قبل ہوا بھی نہ لگنے دی؟

اگر پیپلز پارٹی کی مرضی اس حل میں شامل نہیں تھی تو آصف زرداری نے کس وجہ سے فیضان کی بیوہ کے لئے خوں بہا کی رقم دگنی کرنے پر آمادگی ظاہر کی؟

کیا خصوصی طیّارہ پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت کی مرضی یا پیشگی اجازت کے بغیر پاکستان میں آ سکتا تھا؟

کیونکر عدالت عالیہ نے فیصلہ سے دو دن قبل کیس کو سیشن کورٹ میں منتقل کر دیا اور ملزم کا نام ای سی ایل سے نکال دیا؟

کیا فوج کی مرضی کے بغیر خصوصی طیّارہ فضائیہ کے ہوائی اڈہ سے پرواز کر سکتا تھا؟

کیا یہ اتفاق تھا کہ لواحقین کا نیا وکیل حال ہی میں آئی ایس آئی کی ایک اہم کیس میں وکالت کر چکا ہے؟ اور اس نے اخباری نمائندوں کو یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ لواحقین کا اس سے رابطہ کس طرح ہوا اور انہوں نے کیوں اپنے پرانے وکیل کو چھوڑ کر اسے وکیل بنانے فیصلہ کیا؟

لواحقین مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے میں تھے۔ حتٰی کہ ان کا وکیل بھی جماعت اسلامی سے تعلق رکھتا تھا۔ جب کیس عدالت میں گیا تو یقیناْ ایف آئِی آر کی نقل وکیل نے بھی حاصل کی ہوگی کیونکہ یہ کسی بھی کیس کی بنیاد ہوتی ہے اور اس کے بغیر کیس نہیں لڑا جا سکتا۔ اتنے دن تک کسی سیاسی یا مذہبی جماعت نے یہ معاملہ کیوں نہیں اٹھایا کہ اس معاملے میں کمزور اور غیر مکمل ایف آئی آر لکھی گئی ہے؟

اب جبکہ صوبائی اور وفاقی حکومت نے اسلامی قانون کے تحت ملزم کو نکال دیا اور ان جماعتوں کے پاس دیت کے خلاف کہنے کا کچھ جواز نہیں ہے تو اب کیوں دوسری شقوں کو اٹھا کر احتجاج کیا جا رہا ہے؟

مذہبی اور سیاسی جماعتیں لواحقین سے مکمل رابطے میں تھی مگر اس کے باوجود کسی نے ہمیں نہیں بتایا کہ لواحقین اچانک عمرے پر چلے گئے اور پھر ملزم کی رہائی سے تین دن پہلے ۱۹ لواحقین کا اچانک غائب ہونا بھی قوم کے سامنے نہ لایا گیا۔ مگر اب سانپ نکلنے کے بعد احتجاج کی رسی پِیٹی جا رہی ہے۔

لواحقین کے پرانے وکیل نے ملزم کی رہائی والے دن میڈیا کو بیان دیا کہ لواحقین سے زبردستی دیت کے کاغذات پر دستخط کروائے گئے ہیں۔ اب جبکہ ثابت ہو گیا کہ لواحقین نے دیت کی رقم اور امریکہ میں رہائش کے عوض راضی نامہ کر لیا ہے تو اس وکیل کی دوسری باتوں پر کس طرح یقین کیا جا سکتا ہے؟

مبشر لقمان نے اپنے پروگرام میں ایک سیاسی رہنما سے پوچھا کہ آپ جو احتجاج کر رہے ہیں تو اس کا انجام کیا ہوگا؟ کیا اس احتجاج کے حوالے سے آپ کے مقاصد متعین ہیں؟ یہ بہت اچھے سوال تھے۔ میں بھی یہی سوچ رہا ہوں کہ اب یہ احتجاج کہاں جا کر ختم ہوں گے اور سیاسی جماعتیں اس سے کیا حاصل کرنا چاہتی ہیں؟ مجھے ڈر ہے کہ کہیں ایک دوسری تحریک نظام مصطفٰی تو نہیں تیار ہو رہی؟

بہرحال جو بھی ہو پہلے ہمیں وفاقی، صوبائی حکومتوں اور فوج نے الّو بنایا اور اب اپوزیشن جماعتیں بنا رہی ہیں۔
MAQ
About the Author: MAQ Read More Articles by MAQ: 23 Articles with 21893 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.