پاکستانی نوجوان کا کارنامہ، 6 روپے کی پنسل سے ورلڈ ریکارڈ قائم

’ریکارڈ تو بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں تو میری خواہش ہے کہ مستقبل میں اپنا ہی ریکارڈ توڑوں۔‘ یہ الفاظ حال ہی میں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والے پاکستانی منی ایچر آرٹسٹ احسن قیوم کے ہیں جنھوں نے پنسل کے سکے پر چین کی 75 کڑیاں بنائی ہیں۔
 

image


ایک دن انسٹاگرام پر سکرول کرتے ہوئے میری نظر احسن قیوم کے فن پاروں پر پڑی۔ پنسل کے سکے پر نقوش؟ پہلی نظر میں ان کا آرٹ مجھے تو آنکھوں کا دھوکہ لگا۔

احسن سے میری ملاقات لاہور میں ان کے گھر پر ہوئی۔ ایک کمرے پر مشتمل گھر۔ دیوار پر گرافیٹی، اخبار کے تراشے، گِٹار اور فریم کیے ہوئے فن پارے اور ان کے بیچ میں گنیز ورلڈ ریکارڈ جیتنے والا فن پارہ میڈل کی طرح لٹکا ہوا تھا۔ گویا کمرے کا ہر حصہ ان کے آرٹسٹ ہونے کی عکاسی کر رہا تھا۔

دیوار پر منی ایچر آرٹ یا چھوٹے سائز کے نازک فن پارے دیکھ کر میں ایک بات تو سمجھ گئی کہ یہ دِکھنے میں چھوٹے ہوتے ہیں لیکن ان کو بنانے کے لیے حوصلہ بڑا چاہیے۔ اور احسن سے مل کر مجھے اندازہ ہو گیا کہ اسی حوصلے کا مظاہرہ انھوں نے اپنی نجی زندگی میں بھی کیا ہے۔
 

View this post on Instagram

. So, by the grace of Allah almighty, after extreme wait of 8 months, I have been officially declared as Guiness World Record Holder by Guiness World Record Officials. I have broken the world record of 58 links made by some INDIAN guy and my Record of 75 links has been officially approved. It is all because of Allah's blessing, who made me able to make my people/country proud! I had eyes on this title since 2014, when Youth Festival was happening in Punjab, and I wanted to be a part of Biggest flag painting. But, at that time, I was working as a labor in a shoe factory, and my supervisor didn't give me leave to go for that event! But, Today, I am Individually World Record Holder. Alhamdulillah! :) Thanks to all of my friends and followers who prayed for me and made me reach here. Special thanx to Colonel Aslam sahab, DA art institute, Mangobaz, Ary News, Mag the Weekly and everyone who helped me to make my evidences strong for the Guiness World Record approval. It was hell of a job to make my record approved. I did some mistakes in application's process but my record manager was so cooperative and he guided me in right ways and made me execute it. ALHAMDULILLAH. Swipe left to see its journey. Link of official record is in Bio. #sculpture #art #pencil #pakistan #dawn_dot_com #vscopk #pinterest #instagram #flashh_pakistan #arts_promote #islamicrepublicofpakistan #leadpencil #officiallyamazing #gettyimages #divamagazinepakistan #gtmagazine #miniature #travel #storiesofpakistan #artsculpture #dailpakistan #carving #peopleofpakistan #creative #etribune #worldrecord #talentagent #beautifulpakistan #macroart #guinessworldrecord

A post shared by Ahsan Qayyum (@ahsan_qayyum93) on


حالات نے انھیں اپنے آبائی شہر گجرانوالہ کو خیر باد کہنے پر مجبور کیا تو وہ لاہور آ گئے اور جوتوں کی فیکٹری میں سات ہزار روپے کی ملازمت کرنے لگے۔

احسن کے شوق کا آغاز تو بچپن میں ہی ہو گیا تھا جب ترکھانوں کے گھر چلے جانے کے بعد وہ ان کی بچی کھچی لکڑیوں کو اٹھا لیتے اور تراشا کرتے۔

ملازمت کے ساتھ احسن نے گرافک ڈیزائننگ کی تعلیم شروع کی اور جلد ہی اسے اپنا کریئر بھی بنا لیا۔ لیکن آرٹ تخلیق کرنے کے شوق میں وہ اب بھی رات گئے تک جاگتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں ’لوگ تو مجھے آرٹ کا دیوانہ کہتے ہیں کہ پاگل ہو گیا ہے اِس کے پیچھے۔‘
 

image


لیکن احسن کے بقول ان کے شوق کو سمت سنہ 2015 میں ملی جب ان کے ایک دوست نے انھیں روسی منی ایچر آرٹسٹ سلاوات فدائی کے فن پاروں کی تصاویر دکھائیں اور کہا یہ تم بھی کر سکتے ہو۔

’میں بہت زیادہ متاثر ہوا اور فوراً ہی بلیڈ سے پنسل تراشنا شروع کر دیا۔‘

سنہ 2019 کے آغاز میں ہی احسن قیوم تہیہ کر چکے تھے کہ وہ پنسل کے سکے پر 75 کڑیاں جوڑ کر انڈین آرٹسٹ کا 50 کڑیوں پر مشتمل ورلڈ ریکارڈ توڑیں گے۔

اس دوران ایک اور انڈین منی ایچر آرٹسٹ نے 58 کڑیاں جوڑ کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر لیا مگر احسن تو اس سے کہیں آگے کا سوچ کر اپنا ریکارڈ قائم کرنے میں مصروف تھے۔
 

image


گنیز ریکارڈ جیتنے والا فن پارہ
جب گنیز ورلڈ ریکارڈ کا ٹائٹل جتانے والے فن پارے کے متعلق بات ہوئی تو احسن نے بتایا کہ اس فن پارے کو مکمل کرنے میں ایک ماہ لگا اور اسے انھوں نے ایک ہی بار میں بنایا۔ 75 کڑیوں پر مشتمل چین کی ایک کڑی پر ڈیڑھ گھنٹہ لگا اور کُل ملا کر 120 گھنٹے لگے۔

’یہ فن پارہ میرے دل کے قریب اس لیے ہے کیونکہ اس نے مجھے بہت زیادہ صابر بنایا اور ٹائٹل جتوایا۔‘
 

image


ورلڈ ریکارڈ بنانے کے لیے کیا کرنا پڑتا ہے؟
ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے لیے کیا پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں، اس بارے میں احسن کا کہنا تھا کہ ’یہ سب چیزیں اسی طرح ہو سکتی ہیں اگر آپ اپنے کام میں محو ہو جائیں اور اس کو اپنی دنیا بنا لیں جس (کام) میں آپ کی دلچسپی ہے۔‘

ٹیلنٹ ہو تو چھپائے نہیں چھپتا۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے احسن نے کہا ’میں نے چھ روپے کی پنسل پر ورلڈ ریکارڈ توڑا۔۔۔ ایک سادہ سی چھ روپے کی پنسل پر۔ آپ اپنی صلاحیت کسی بھی چیز کے ذریعے باہر لا سکتے ہیں۔ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ چیز کتنی مہنگی ہے یا سستی۔‘

'بطور آرٹسٹ جب میں چھوٹی سے دنیا سے نکل کر باہر جاتا ہوں تو بڑی بڑی عمارتیں مجھے اپنے ان خوابوں کی طرح نظر آتی ہیں جنھیں میں پانا چاہتا ہوں کیونکہ انسان کو ہمیشہ بڑا سوچنا چاہیے، چھوٹی سوچ نہیں رکھنی چاہیے۔‘
 

image


گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کا طریقہ کار کیا ہے؟
احسن کہتے ہیں ’اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے اندر صلاحیت ہے تو آپ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ پر جائیں۔ وہاں پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں اور درخواست جمع کروائیں۔ دو طرح کی درخواستیں ہوتی ہیں، ریکارڈ توڑنے کی اور ریکارڈ قائم کرنے کی۔‘

’کافی طویل سلسلہ ہوتا ہے اور اس کے لیے آپ کو تقریباً چھ ماہ درکار ہوتے ہیں۔ پہلے آپ کی درخواست دیکھی جاتی ہے اور اگر درخواست منطور کر لی جائے تو آپ کو شواہد جمع کروانے پڑتے ہیں جو ریکارڈ بناتے وقت کی تصاویر، ویڈیوز اور اس بارے میں شائع کالم وغیرہ پر مشتمل ہو سکتے ہیں۔‘

شواہد کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے احسن نے بتایا کہ ’آپ کو اپنا ریکارڈ قائم کرنے یا توڑنے کے بارے میں آزاد گواہان کے بیانیے بھی چاہیے جن کا آپ سے کوئی تعلق نہ ہو۔ آپ کے شواہد اتنے مضبوط ہونے چاہیے کہ کمیٹی قائل ہو جائے ورنہ آپ کی درخواست خارج ہو سکتی ہے۔‘
 

image


آخر پنسل پر فن پارے بنتے کیسے ہیں؟
پنسلوں سے بھرے میز پر تیز روشنی جلا کر ایک پنسل تراشتے ہوئے احسن کہنے لگے کہ سب سے اہم چیز آئیڈیا سلیکشن ہے کہ سکے پر کیا بنایا جائے۔

نقش کا آئیڈیا تلاش کرنے کے لیے وہ سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام اور پنٹریسٹ کا استعمال کرتے ہیں۔

بمشکل نظر آنے والے ملی میٹر کے گرافائیٹ سکے پر احسن کو صرف ایک بلیڈ کی مدد سے نقوش بناتے دیکھ کر دماغ دنگ رہ جاتا ہے۔ ان کے بقول یہ بہت باریکی کا کام ہے اور بیرون ممالک میں آرٹسٹ میگنیفائر یا مائکروسکوپ کا استعمال کرتے ہیں لیکن وہ کسی چیز کا سہارا نہیں لیتے۔

’پنسل کی نوک پر فن پارہ تراشنے میں کم از کم چھ گھنٹے درکار ہوتے ہیں اور بعض اوقات ہفتے اور مہینے بھی لگ جاتے ہیں۔‘

ابھی تک احسن نے 30 سے 40 فن پارے بنائے ہیں جن میں سے چار پانچ بار انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن وہ کہتے ہیں کہ ’جب آپ ایک چیز میں فیل ہو جائیں تو اپنے دماغ کو سکون دیں اور اس دوران کچھ اور کر لیں۔‘
 

image


پاکستان میں منی ایچر آرٹ کا حال اور مستقبل
اس بات سے منہ نہیں پھیرا جا سکتا کہ آج بھی پاکستان میں آرٹ کو خاص پزیرائی حاصل نہیں ہے۔ اس بارے میں احسن کا کہنا ہے کہ جب وہ کسی کو بتاتے ہیں کہ وہ منی ایچر آرٹسٹ ہیں تو لوگوں کو تب تک سمجھ نہیں آتی جب تک کہ وہ انھیں کچھ دکھا نہ دیں۔

معاشرے میں آرٹ اور آرٹسٹ کو لے کر پائے جانے والے منفی رویے کے بارے میں احسن کہتے ہیں ’میرے کچھ دوستوں نے میرا مذاق بھی اڑایا کہ کیا تم ایک چیز پر چھ چھ گھنٹے لگاتے ہو، اس سے تمھاری تنخواہ تو نہیں آ رہی۔‘

’مگر ہر چیز پیسے کے لیے نہیں کی جاتی، کچھ چیزیں دل کو سکون دیتی ہیں۔ آج میری کامیابی ان کی باتوں اور سوالوں کا جواب ہے۔‘

پاکستان میں منی ایچر آرٹ کے مستقبل کے بارے میں احسن کا کہنا تھا کہ یہاں لوگوں کو سمجھ نہیں ہے کہ یہ کس قسم کا آرٹ ہے اس لیے انھیں پیسے کے لحاظ سے منی ایچر آرٹ کا کوئی خاص مستقبل نظر نہیں آتا۔
 

image


ہر جمعے کی طرح اس جمعے بھی احسن والدین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرنے کے لیے گئے مگر اس بار ایک خوشخبری کے ساتھ۔

’پہلا کام ہی میں نے یہ کیا کہ امی ابو کی قبروں پر گیا اور ان سے شیئر کیا۔ کاش اگر آج وہ زندہ ہوتے تو ان کے لیے یہ سب سے فخر کی بات ہوتی۔۔۔ شاید وہ اب بھی دیکھ رہے ہوں گے۔‘


Partner Content: BBC
YOU MAY ALSO LIKE:

Pakistan has potential, talent, brains, and IQs, you name it. It also has hard-working individuals who are making this nation proud with every passing day. One of these individuals that have swelled the nation’s chest with pride is Gujranwala-based graphic designer and artist Ahsan Qayyum.