کورونا کا اہتمام ، کورونا کا انتقام

پریشان حال للن یادو بکھرے بال کے ساتھ کلن مشرا کی مجلس میں پرنام کرکے ایک کونے میں بیٹھ گیا ۔
وہاں موجود جب سارے لوگ ایک ایک کرکے رخصت ہوگئے تومشرا جی نے للن سےپوچھا کیوں بھائی خیریت تو ہے ؟چپ چاپ کچھ بولے ہی نہیں؟
للن بولا کیسی خیریت پنڈت جی ؟ اس مہاماری نے تو ہم غریبوں کوبے موت ماردیا ہے۔
ارے بھائی دل چھوٹا نہ کرو۔ سمئے سمئے کی بات ہے اچھا برا وقت آتا جاتا رہتا ہے۔
جی ہاں پنڈت جی مجھے یاد ہے۔ تین ماہ قبل بھی آپ نے یہی کہا تھا لیکن یہ معاملہ کچھ زیادہ ہی طویل ہوگیا ۔ اب تونہ صرف جمع پونجی ختم ہوگئی بلکہ قرض ملنا بھی مشکل ہو گیاہے ۔
جی ہاں للن لیکن مجھے خوشی ہے کہ اس پریشانی کے عالم میں بھی تم اخبار پڑھتے ہو۔ آج کل تو اکثر لوگ موبائل سے کام چلا لیتے ہیں۔
پنڈت جی میرا موبائل ڈیٹا بھی ختم ہوگیا ہے۔ یہ کاغذ کا ٹکڑا جو آپ میرے ہاتھ میں دیکھ رہےبہت پرانا اخبار ہے۔
اچھا تو پھر اس کو لے کر کیوں گھوم رہے ہو؟
ہوا یہ پنڈت جی کہ ردی بیچنے کے لیے پرانے اخبار نکال رہا تھا تو ایک خبر نظر پڑی اور اس کو الگ کرلیا ۔
اچھا تو کیا خاص بات ہے اس خبر میں؟
اس میں لکھا ہے کہ تبلیغی ارکان کے کورونا سے متاثر ہونے کی خبر دینے کو 11 ہزار کا انعام ملے گا ۔
ارے للن یہ تو بہت پرانی بات ہے ۔ تم کہاں اس چکر میں پڑ گئے ۔
مشرا جی خبر توپرانی ہے لیکن رقم تو نئی ہوگی ۔ میرے محلے میں تبلیغی جماعت کا آدمی بھی کورونا سے متاثر ہے۔
اچھا تو کیا وہ اکیلا ہے۔ دوسرا کوئی نہیں ہے؟
دوسرے بھی کئی ہیں لیکن وہ ہمارے بھائی بند ہیں ۔ مجھے تو لگتا ہے ان سب کو اسی نے کورونا لگایا ہوگا۔
اس نے؟ اس میں کیا اس کا کیا فائدہ؟ دوسروں کو کورونا کا مریض بتانے سے تو انعام بھی نہیں ملتا ۔اب تو اپنا اتر پردیش پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔
للن سوچ میں پڑگیا اور بولا تو کیا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں مجھ جیسے کسی ا انعام کے لالچی نے اس کو کورونا لگا دیا؟
یہ میں نہیں کہتا ۔ جیسے بہت سارے لوگ متاثر ہوئے وہ بیچارہ بھی ہوگیا ۔ مہاماری ذات ، دھرم تھوڑی نا دیکھتی ہے۔
بھئی بیماری کیا دیکھتی ہے میں نہیں جانتا مجھے تو11 ہزار کا انعام دکھائی دے رہا ہے۔
مشرا نے اخبار لے کر دیکھا تو یہ اعلان یوگی کے ہنومان اجئے سریواستو ا عرف اجو کی طرف سے تھا ۔ وہ بولے للن افسوس کہ تم لیٹ ہوگئے۔
للن بولا کیوں ؟ میں نہیں سمجھا ۔ وہ تبلیغی ابھی زندہ ہے ۔ میں آتے آتے اسے دیکھ کر آرہا ہوں ۔
وہ تو زندہ ہے مگر انعام دینے والےہندو یووا واہنی کے اس کا رکن کا کورونا وائرس سے دیہانت ہوگیا۔
یہ کیسے ہوسکتا ہے یوگی جی کے ہنومان پر کورونا کیسے حملہ کرسکتا ہے ۔ اس کو زیڈ پلس سیکیورٹی حاصل رہی ہوگی ۔
تم بہت بھولے ہو للن ۔ کورونا نے تو امیت شاہ کی ٹرپل زیڈ سیکیورٹی کو بھید دیا تو اجئے سریواستو کس کھیت کی مولی ہے۔
ہاں وہ تو ہے لیکن یوگی جی بڑے یگیہ کرتے ہیں اس لیے کورونا ان کے قریب بھی نہیں پھٹک سکتا ۔
ارے بھائی ہون اور پوجا پوجا کے گھی سے اجو نے بھی کورونا کوبھگانے کی کوشش کی مگر خود تو خود اپنی ماں اور بہن کے ساتھ دنیا سے سدھار گیا۔
اچھا تو کیا یوگی جی نے کچھ نہیں کیا؟ وہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے ۔
ارے یوگی کیا کرتے؟ ان کی کابینہ کے دووزراء کا انتقال ہوگیا اور نہ جانے کتنے متاثر ہوئے ۔ اس کورونا کے آگے کسی کی نہیں چلتی ۔
اچھا تو یہ بتائیے کہ آپ کے خیال میں ان تبلیغیوں نے ملک میں کورونا نہیں پھیلایا ؟
للن تم خود سوچوکورونا کی وبا کے بعد ہوائی سروس بند ہونے تک ہندوستان میں ۲۰ لاکھ لوگ آئے ان میں سے کتنے کورونا لائے کون جانتا ہے؟
اچھا تو میڈیا میں جو تبلیغی جماعت کو لے کر ہنگامہ کیا گیا وہ کیا تھا ؟
وہ فریب کاری تھی ۔ حکومت کی ناکامی کی جانب سے توجہ ہٹانے کے لیے ایک شوشہ چھوڑا گیا تھا۔
لیکن یہ تو آپ کہہ رہے ہیں اور اجے شریواستو کچھ اور کہتا تھا اب میں کس کی مانوں؟
تم کسی کی نہ مانو ۔ عدالت پر تمہیں اعتماد ہے اس کی مانو ۔ ممبئی کی عدالت نے صاف کہاتبلیغیوں کو بلی کا بکرا بنایا گیا ۔ دہلی اور چنئی کی عدالت نے بھی کہا۔
اچھا لیکن جمن مجھے ایک ویڈیو دکھارہاتھا جس میں بی جے پی کا رکن پارلیمان کیچڑ میں بیٹھ کر سنکھ بجا کر دعویٰ کررہا تھا کہ اس سے کورونا بھاگ جائے گا۔
ان پاگلوں کے چکر میں مت پڑنا ایک بھابی جی کے پاپڑ کی سفارش کرنے والامرکزی وزیر ارجن رام میگھوال خوداسپتال میں کورونا کاعلاج کروا رہا ہے۔
جی ہاں میں نے بی جے پی کے کئی وزراء کے بیمار ہونے کی خبر سنی یقین نہیں آتا ۔ یہ لوگ تو گئو موتر سے علاج کرنے کی بات کررہے تھے ۔
ہاں ہاں دہلی کی بی جے پی رہنما سواتی مالیوال ماسک کو بکواس کہتی ہیں اور وزیر اعظم کیمرے کے سامنے بھی اسے لگا کر بات کرتے ہیں ۔ ان کا کیاٹھکانہ ؟
آپ نے اچھی مثال دی ۔اب یہ تو ماننا ہی پڑے گا کہ وزیر اعظم بہت احتیاط کرتے ہیں ۔
ہاں لیکن کیا فرق پڑتا ہے پہلےرام مندر کا پجاری ستیندر داس اپنے ساتھی سمیت پوزیٹیو نکلا بعد میں ٹرسٹ کے صدر نرتیہ گوپال داس بھی نکل گئے۔
جی ہاں پنڈت جی یہ پڑھ پڑھ کر لگتا ہے سارے ٹوٹکے فیل ہوگئے ہیں ۔
ارے بھائی تمنے تروپتی مندر کے بارے میں نہیں سنا ۔ وہاں ۷۴۳ کا عملہ متاثر پایا گیا اور تین کی موت ہوگئی ۔ یہ پرانی خبر ہے اب تو سناٹا ہے۔
اچھا یہ بتائیے کہ ایسے نمونے صرف زعفرانی سیاستدانوں میں سے ہی کیوں آتے ہیں ؟
مشرا نے قہقہہ لگا کر کہا کہ یہ سنگھی پہلے کہتے تھے سارے مسلمان دہشت گرد نہیں لیکن سارے دہشت گرد مسلمان ہیں اب کورونا نے یہ ثابت کردیا ہے کہ سارے سنگھی بیوقوف نہیں مگر ہر بیوقوف سنگھی ضرورہے۔
سوتو ہے لیکن یہ بتائیے کہ ہمارے پردھان سیوک نے لاک ڈاون لگا کر اس کو قابو میں کیا یا نہیں ؟
کاہے کا قابو۔دنیا دیکھو کوریا ،سویڈن اور جاپان نے لاک ڈاون لگایا ہی نہیں مگر وبا قابو میں ہے اور ہم دوچار دن میں دوسرے نمبر آنے والےہیں۔
اچھا تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ؟
فائدہ تو دور زبردست معاشی نقصان ہوگیا، جی ڈی پی ۲۳ فیصد گھٹ گئی۔
اچھا یہ بتائیں کہ پاکستان نے جو بہت پہلے لاک ڈاون ہٹا کر اپنے ملک کو قبرستان بنانے کا فیصلہ کیا تھا اس کا کیا ہوا؟
کلن مشرا کا زبردست قہقہہ بلند ہوا۔ وہ بولے میں کیا بتاوں تم خود آج کے تازہ اعدادو شمار دیکھ لو۔ ہندوستان میں متاثرین کی کل تعداد4,034,339 ہے جبکہ مرنے والے 69,749ہیں اس کے برعکس پاکستان میں ۸ فیصد سے بھی کم 298,025متاثرین اور مرنے والے صرف 6,340 یعنی ۹ فیصدہیں ۔
ارے پنڈت جی آپ تو آپ عجیب بات رہے ہیں میں تو کچھ اور ہی سمجھ رہا تھا ۔
دیکھو للن ہوا میں سمجھنے سے بہتر ہے کہ حقائق کو گوگل کی مدد سے ٹٹول کر دیکھ لیا کرو ۔ دماغ ٹھکانے رہے گا
للن نے اخبار کو پھاڑ کر پھینکا اور چائے کی آخری چسکی لے کر اپنے گھر کی جانب چل دیا ۔

 

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2052 Articles with 1241325 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.