راج گوپال سے ابراہم لنکن تک

للن سوامی نے کلن نائر سے کہا یار میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہمیں ان بیوقوفوں کے چکر میں نہیں پڑنا چاہیے۔
کلن نے پوچھا کیوں اب کیا ہوگیا؟
ارے اپنے رکن اسمبلی راج گوپال نے پھر سے جگ ہنسائی کرادی ۔ مسلم لیگ کے لوگ بیوقوف جنتا پارٹی کہہ کر ہمارا مذاق اڑا رہے ہیں۔
ارے بھائی تم تو بلاوجہ جذباتی ہوجاتے ہو۔ آخر سبری مالا کے معاملے میں ہمارے دھرم کی رکشا یہ نہیں تو کون کرے گا؟
دیکھو بھائی کلن ، سبری مالا کے مسئلہ پر تو کانگریس اور بی جے پی کے موقف میں کوئی فرق ہی نہیں ہے ۔ دونوں وہی چاہتے ہیں۔
اب تم کہو گے کہ اس معاملے میں مسلم لیگ بھی ہمارے ساتھ ہے ۔
اور نہیں تو کیا ؟ اس نے کھل کر ہماری مذہبی رسومات میں کمیونسٹ مداخلت کی مذمت کی تھی ۔
یہی تو ہم ہندو نہیں سمجھتے اور اس لیے کانگریس کے عیسائی اور مسلم لیگ کے مسلمان مل کر کیرالہ پر حکومت کرتے ہیں۔
مسلم لیگ کے مسلمان تو سمجھ میں آتے ہیں لیکن کانگریس تو ہندووں سے اٹی پڑی ہے ۔
اچھا کانگریس ہندو پارٹی ہے؟ اب تم کہو گے کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی بھی ہندوہے۔
اور نہیں تو کیا ؟ اس نے برسوں پہلے راجیو گاندھی نامی ہندو کے ساتھ شادی کرکے اپنا مذہب تبدیل کرلیا ہے۔
اچھا اگر ایسا ہے تو کرسمس منانے کے لیے اپنے وائناڈ کا رکن پارلیمان راہل گاندھی اٹلی کیوں نکل گیا؟
ارے بھائی ، راہل گاندھی تو ہندوستان میں بھی کرسمس منا سکتا تھا۔ اس کے لیے اٹلی جانے کی کیا ضرورت تھی ؟
وہی تو میں پوچھتا ہوں کہ جس کا بیٹا کرسمس منانے کے لیے پوپ کے پاس اٹلی جاتا ہے اس کی ماں ہندو کیسے ہوسکتی ہے؟
اوہو للن ! تمہاری دونوں باتیں غلط ہیں۔ تم ارنب کی طرح ہوا میں جھوٹ کا قلع تعمیر کررہے ہو۔
اچھا تو کیا تمہارا مطلب ہے راہل کے اٹلی جانے کی خبرافواہ ہے؟ کیاوہ قطر ائیرویز کی فلائیٹ سے اٹلی نہیں گیا؟ اچھا ایسا کرو کہ پہلے ایک بیڑی دو۔
یہ لو بیڑی اور سنو کہ راہل پوپ سے نہیں بلکہ اپنی ضعیف نانی سے ملنے کے لیے اٹلی گیا ہے ۔ اس میں کیا غلط ہے؟ مودی جی بھی تو اپنی ماں سے ملنے ۰۰۰
اب راہل کی صفائی بند بھی کرو یار ؟ کیا وہ اپنی بوڑھی نانی سے ملنے کے لیے دیوالی پر نہیں جاسکتا تھا؟ کرسمس پر ہی کیوں گیا؟
عجیب بیوقوفی کی بات کرتے ہو؟ اس کی نانی کا دیوالی سے کیا تعلق ؟
یہی تو میں کہہ رہا ہوں کہ اس کی نانی کی طرح کا سونیا اور راہل کا بھی کرسمس سے ہی تعلق ہے دیوالی سے نہیں ۔ وہ سب اندر سے عیسائی ہیں۔
یار ایک بات بتاو اگر تمہاری بیٹی اسلام مذہب قبول کرلے تو کیا تم بھی مسلمان ہوجاوگے ؟
کیسی بات کرتے ہو کلن ؟ میری بیٹی سرسوتی کیسے اسلام دھرم قبول کرسکتی ہے؟ تمہارا دماغ خراب ہوگیا ہے کیا؟
ارے بھائی اسی طرح جیسے ہادیہ مشرف بہ اسلام ہوگئی اور عدالت عظمیٰ نے اس کے اس حق کو تسلیم کرلیا ۔یہ تو کسی بھی لڑکی کے ساتھ ہوسکتا ہے۔
ہاں وہ تو ٹھیک ہے لیکن میری سرسوتی ایسا نہیں کرسکتی ؟
اچھا یہ بتاو کہ اس کی عمر کیا ہے؟
عمر ہوگی تقریباً ۳۵ سال ۔
اچھا تو ابھی تک اس کی شادی کیوں نہیں ہوئی؟
ارے یار تم جانتے بوجھتے سوال کرتے ہو۔ تم کو تو پتہ ہے ہمارے سماج میں جہیز کی رسم نے لڑکیوں کی شادی دشوار کررکھی ہے۔
جی ہاں ، اگر ایسے میں کوئی خوشحال اور مہذب مسلمان اس کے سامنے شادی کی پیشکش کرے تو کیا وہ اس کو مسترد کردے گی؟
مسلمان اور مہذب ! یہ کیسے ہوسکتا ہے؟
کیوں نہیں ہوسکتا ؟ کل ہی تو تم جمن کی تعریف میں زمین وآسمان کے قلابے ملا رہے تھے ۔ اب بتاو جمن مہذب نہیں ہے یا مسلمان نہیں ہے؟
ارے بھائی ایک آدھ استثنائی نکل جاتا ہے ؟ اور یہ بھی تو دیکھو کہ وہ اپنی قوم سے بغاوت کرکے ہماری پارٹی میں شامل ہوگیا ہے۔
بہت خوب ! اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ سارے مسلمانوں نے اگر کمل تھام لیا تو وہ مہذب ہوجائیں گے ؟
ہاں ہاں کیوں نہیں ۔ اس میں کیا شک ہے ۔ سنگھ کے سنسکار انہیں مہذب بنادیں گے ۔
بس تویہ سمجھ لو کہ ایسے ہی کسی سنسکاری مسلمان نے سرسوتی سے شادی کرلی تو کیا کروگے ؟
میں پھر بھی اس کی مخالفت کروں گا بلکہ لوجہاد قانون کے تحت اس کو جیل بھجوا دوں گا۔
دیکھو للن تم اتر پردیش میں نہیں کیرالہ میں رہتے ہو ۔ یہاں ایسے احمقانہ قانون کا کوئی امکان نہیں ہے۔ کیا سمجھے ؟
اس میں احمقانہ کیا ہے؟ ہمارے دھرم کی رکشا کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔
ارے بھائی احمقانہ اس لیے ہے کہ اس میں زبردستی لالچ دے کر تبدیلیٔ مذہب کی بات کہی گئی ہے ۔
ہاں تو اس سے کیا فرق پڑتا ہے؟
ہوتا یہ ہے کہ جب لڑکی عدالت میں کہہ دیتی ہے کہ وہ بالغ ہے اور اس پر زبردستی نہیں کی گئی تو یہ قانون ٹائیں ٹائیں فش ہوجاتا ہے ۔
یار کلن تم بڑے چالاک ہو ۔ راج گوپال کو چھوڑ کر راہل اور سونیا کو پکڑلیا اور پھر میری بیٹی سرسوتی کے پیچھے پڑ گئے ۔ اس طرح مجھ کو الجھا دیا۔
بھائی ایسا ہے راہل کے اٹلی جانے کا ذکر تم نے کیا۔ اس کی ماں کو عیسائی بھی تم نے بتایا اور اب الٹا مجھے ملزم ٹھہرا رہے ہو۔
ہاں وہ تو ٹھیک لیکن میں راہل سے زیادہ اپنے رکن اسمبلی راج گوپال سے ناراض ہوں ۔ میرا تو جی چاہتا ہے کہ اسے ترشول ماردوں ۔
ارے مارنا ہی ہے تو گولی مارو۔ ترشول کیوں؟
تم اب بھی انگریزوں کے غلام ہو ؟ بندوق انگریزوں کی یعنی عیسائیوں کی ایجاد ہے اور ترشول خالص ہندو دیوتاوں کا ہتھیار ہے۔
لیکن ترشول سے ہوسکتا ہے کہ وہ بچ جائے اس لیے گولی مارنا بہتر ہے۔
یار تم بھی ان کمیونسٹوں کی صحبت میں اپنی تہذیب و ثقافت سے دور ہوگئے ہو ۔ میں تو ترشول اس کے سینے میں اتار دوں گا ۔
اچھا تو کیا اب چین اور پاکستان کا مقابلہ بھی ترشول سے کیا جائے گا؟ اس سے تو نیپال بھی بھاری پڑجائے گا اور بھوٹان تک قابو میں نہیں آئے گا۔
تم بات کا بتنگڑ بنادیتے ہو ۔ اصل چیز اس احمق کو مارنا ہے اور تم ترشول کے پیچھے پڑ گئے ۔
یار پچھلے ۷۰ سالوں میں پہلی بار کیرالہ کی اسمبلی میں اپناواحد امیدوار کامیاب ہوا ہے اور تم اس کو قتل کردینا چاہتے ہو۔ آخر کیوں؟
اس لیے کہ اس بوڑھے نے نہ صرف مودی جی کی مخالفت کی بلکہ سبری مالا کے دشمن لیفٹ فرنٹ کی حمایت کردی ۔
یہ تو ناممکن ہے بھائی ؟ کوئی سبری مالا کی مخالفت کرکے پارٹی میں رہ سکتا ہے لیکن مودی جی کے خلاف جاکر نہیں رہ سکتا۔ کسی نے افواہ اڑا دی ہوگی۔
مجھے پتہ ہے، لیکن راج گوپال نے اسمبلی میں کسان بل کی مخالفت کرنے والی تجویز کے حق میں ووٹ دیا اور پریس کانفرنس میں اس کا اعلان بھی کیا۔
ارے یہ تو غضب ہوگیا ۔ اب اس بوڑھے کھوسٹ کی خیر نہیں۔
مجھے نہیں لگتا کیونکہ وہ تو پہلے بھی ایسی حرکت کرچکا ہے۔ اسپیکر کے انتخاب میں وہ لیفٹ کے ساتھ کھڑا تھا، لیکن اس کا کچھ نہیں بگڑا۔
دیکھو بھائی یہ پرانا چاول ہے۔ واجپئی کی حکومت میں وزیر مملکت برائے دفاع، ریل اور پارلیمانی امور تھا۔ اس پر ہاتھ ڈالنا آسان نہیں ہے ۔
لیکن مودی ہے تو ممکن ہے ۔ پردھان جی نے واجپئی کے ڈپٹی وزیر اعظم اڈوانی تک کو ٹھکانے لگا دیا تو یہ راج گوپال کس کھیت کی مولی ہے؟
اچھا تو اب تم ہی بتاو کہ وزیر اعظم نے اسے کان پکڑ پارٹی سے باہر کیوں نہیں کیا؟ اور امیت شاہ نے این آر سی میں سے اس کا نام کیوں نہیں کاٹا؟
ارے بھائی اسپیکر کے وقت تو یہ کائیاں سیاستداں رام اور کرشن کی آڑ میں چھپ گیا تھا ؟
ہاں سمجھ گیا راج گوپال کا رام اور کرشن سے گہرا تعلق ہے۔
اچھا ! وہ کیسے؟
بھائی دیکھو ایسا ہے کہ رام کا تعلق راج سے ہے اور کرشن اور گوپال تو ایک ہی ہیں ۔
ہاں مگر اس نے توکہا تھا کہ لیفٹ کے اسپیکر کا نام رام کرشنا ہے اس لیے وہ حمایت کررہا ہے۔
چلو یہ بھی ٹھیک ہے کوئی تو جواز موجود ہے۔
لیکن نام سے کیا ہوتا ہے اور نام تو اس کے ماں باپ نے ایسے وقت میں رکھ دیا جب وہ نہیں جانتے تھے کہ آگے چل کریہ کمیونسٹ نکلے گاورنہ۰۰۰۰
ورنہ ؟ ورنہ کیا مطلب؟ کیا کوئی اور نام رکھ دیتے ۔
جی ہاں مارکس یا لینن رکھ دیتے ۔
یار کیسی باتیں کرتے ہو۔ ہندوستان میں رہنے والا کوئی ہندو اپنے بیٹے کایہ نام کیسے رکھ سکتا ہے؟
کیوں نہیں رکھ سکتا ؟کیا کروناندھی نے اپنے بیٹے کا نام اسٹالن نہیں رکھا۔ آج وہ تمل ناڈو کا بڑا سیاسی رہنما ہے۔ ہوسکتا ہے کل وزیر اعلیٰ بن جائے۔
ہاں بھائی اگر ایسا ہوگیا تو یہ عجیب بات ہوگی کہ جب روس میں اسٹالن کو بھلا دیا گیا تو ہندوستان میں وہ وزیر اعلیٰ بن گیا ۔
ارے بھائی میں تو سوچتا ہوں راج گوپال کے باپ نے اس کا غلطنام رکھ دیا۔ میرے خیال میں اگرراج گوپال کا نام ابراہم لنکن ہوتا تو اچھا تھا۔
ارے للن وہ دیکھو جمن کیا خبر لایا ہے؟ کیوں بھائی جمن اپنے اخبار کمل وانی میں آج کی تازہ خبرکیا ہے ؟
جمن بولا آج کی تازہ خبر یہ ہے ہمارے چہیتے راج گوپال اپنے بیان سے مکر گئے ۔ انہوں نے کسان بل مخالفت نہیں بلکہ حمایت کردی ۔
للن بولا یہ لو ۔ اب ایک اور جگ ہنسائی کا سامان ہوگیا ہے۔ اب تو مسلم لیگی ہاتھ دھو کر میرے پیچھے پڑ جائیں گے ۔
ہاں یار چلو دو چار دن کے لیے اپنے دوست چھکن کے گاوں چلے چلیں ۔ بہت دنوں سے ملاقات نہیں ہوئی۔
جی ہاں کلن ہفتہ بھر بعد لوگ بھول بھال جائیں گے ۔ معاملہ رفع دفع ہوجائےگا ۔
یہ اچھا ہے۔ اس کمبخت راج گوپال نے تو ہمیں منہ دکھانے کے لائق نہیں رکھا۔

 

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2049 Articles with 1237834 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.