یوم وفات حضرت سیدتنا خدیجہ الکبری رضی اللہ تعالی عنہا

حضرت سیدتنا خدیجہ الکبری رضی اللہ تعالی عنہا کی سیرت مبارکہ کے چند پہلو۔۔۔

آج 10 رمضان المبارک حضرت سیدتنا خدیجۃ الکبری رضی اللہ تعالی عنہا کا یومِ عرس ہے اسی مناسبت سے آپ کی سیرت مبارکہ کے چند پہلو۔۔۔

آپ کا نام مبارک خدیجہ، والد کا نام خُوَیْلِدْ اور والدہ کا نام فاطمہ ہے
آپ کی کنیت اُمُّ الْقَاسِم اور اُمِّ ھِند ہے
آپ کے القابات بہت ہیں جن میں سب سے مشہور "الکبریٰ" ہے یہ آپ کے نام کے ساتھ اس کثرت سے بولا جاتا ہے کہ گویا کہ نام ہی کا حصہ معلوم ہوتا ہے، طاہرہ بھی آپ کا ایک مشہور لقب ہے کہ زمانہ جاہلیت میں بھی آپ کو طاہرہ کہہ کر پکارا جاتا تھا نیز آپ کو سَیِّدَۃُ قُرَیْش بھی کہا جاتا تھا اسی طرح صدیقہ بھی آپ کا لقب ہے
روایت میں ہے کہ پیارے آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا "هذه صديقۃ امتى یعنی یہ میری اُمَّت کی صدیقہ ہیں"
نصب کے حوالے سے آپ رضی اللہ تعالی عنہا کو یہ فضیلت حاصل ہے کہ دیگر ازواج مطہرات رضی اللہ تعالی عنھن کی نسبت سب سے کم واسطوں سے آپ کا نسب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نسب سے مل جاتا ہے
آپ کی پاکیزہ صفات اور خصوصیات میں سے یہ بھی ہے کہ آپ رضی اللہ تعالی عنھا نے عورتوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کیا
آپ رضی اللہ تعالی عنہا کو حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے پہلی زوجہ ہونے کا شرف بھی حاصل ہے
آپ رضی اللہ تعالی عنہا نے پیارے آقا صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی صحبت بابرکت میں کم و بیش پچیس سال رہنے کی سعادت حاصل کی
آپ رضی اللہ تعالی عنہا نے شِعْبِ ابی طالِب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ محصور رہ کر رفاقت اور محبت کا مثالی نمونہ پیش کیا
آپ نے اپنی ساری دولت حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کے قدموں میں ڈھیر کر دی
امام طبرانی نے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا سے ایک حدیث نقل کی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا کو دنیا میں جنت کا انگور کھلایا
اللہ رب العزت نے آپ رضی اللہ تعالی عنہا کو جبریل امین علیہ السلام کے ذریعے سلام بھیجا
آپ رضی اللہ تعالی عنہا سرور دو عالم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی بہت ہی محبوب زوجہ ہیں آپ کی حیات میں رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے کسی اور سے نکاح نہیں فرمایا
آپ کو جنت میں شور و غل سے پاک محل کی بشارت سنائی گئی
ہجرت سے تین سال قبل پینسٹھ برس کی عمر پا کر ماہ رمضان میں مکہ معظمہ میں انہوں نے وفات پائی آپ رضی اللہ تعالی عنہا کی قبر میں ہَادی بَرحَق خود اترے اور اپنے دستِ اقدس سے آپ رضی اللہ تعالی عنہ کو قبر میں اتارا

Muhammad Soban
About the Author: Muhammad Soban Read More Articles by Muhammad Soban : 27 Articles with 32750 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.